Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیجی ممالک کی کاروباری شخصیات کے لیے پاکستان میں ویزا فری انٹری کی منظوری

126ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹوں کے اندر آن لائن نظام کے تحت ویزے جاری کیے جائیں گے (فوٹو اے پی پی)
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بیرونی سرمایہ کاروں، کاروباری برادری اور سیاحوں کے لیے ویزا کے حصول کو سہل اور آسان بنانے کے لیے گلف کنٹریز کونسل کے ممالک کی کاروباری شخصیات کے لیے پاکستان میں ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے۔
اتوار کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اہم قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں نے ویزہ رجیم میں نرمی کی ہے جو کہ ایک انتہائی مثبت پیشرفت ہے۔ گلف کنٹریز کونسل کے ممالک کے کاروباری شخصیات کے لیے پاکستان میں ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے جس کی بدولت خلیجی ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع مزید بڑھیں گے۔
126ممالک کے تاجروں ، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹوں کے اندر آن لائن نظام کے تحت ویزے جاری کیے جائیں گے۔ ان 126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کو ویزا فیس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ویزا پالیسی میں نرمی کے فیصلے سے پاکستان بیرون ممالک کے افراد کے لیے کاروبار اور سیاحت کے حوالے سے ایک پر کشش مقام بن جائے گا۔
’مذہبی سیاحت میں بہتری کے حوالے سے تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت کے لیے الگ سے سب کیٹیگری کی منظوری بھی دی گئی ہے۔‘
 

شیئر: