Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشت گردی کا الزام، برطانیہ میں انتہا پسند مبلغ کو عمر قید

انجم چودھری پر 29 سالہ کینیڈین شہری خالد حسین کے ہمراہ مقدمہ چلایا گیا۔ فائل فوٹو: روئٹرز
برطانیہ کے انتہا پسند مبلغ انجم چودھری کو دہشت گرد تنظیم چلانے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق انجم چودھری کے ماننے والے دنیا بھر میں تخریب کاری کے کئی واقعات میں ملوث پائے گئے ہیں۔
انجم چودھری جن کی عمر اس وقت 57 برس ہے، کو کالعدم دہشت گرد تنظیم المہاجرون کو چلانے اور دیگر کو اس گروپ کی حمایت کرنے کی ترغیب دینے کے جرم میں سزا سنائی گئی۔
ان پر یہ جرائم دس برس سے زائد عرصہ قبل کرنے کا الزام تھا جبکہ سزا گزشتہ ہفتے سنائی گئی۔
لندن کی والوچ کراؤن کورٹ کے جج مارک وال نے انجم چودھری سے کہا کہ ’آپ کی تنظیم جیسے گروپس معاشرے میں اپنے نظریاتی مقصد کے لیے تشدد کو نارملائز کرتے ہیں۔‘
جج کے مطابق ’ان تنظیموں کا وجود اپنے ارکان کو ایسے افعال یا کام کرنے کی ترغیب دیتے ہیں جو بصورت دیگر وہ نہ کریں۔ یہ معاشرے میں پُرامن طور پر ایک دوسرے کو برداشت کر کے رہنے والے افراد کو ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑ کر دیتی ہیں۔‘
جج مارک وال نے انجم چودھری کو عمرقید کی سزا سنائی جس کے بعد وہ 28 برس جیل میں رہیں گے اور یہ عرصہ گزارنے کے بعد پیرول پر رہائی حاصل کر سکیں گے۔
انجم چودھری گزشتہ برس اپنی گرفتاری کے بعد سے جیل میں ہیں۔
انجم چودھری ایک وقت برطانیہ میں سب سے ہائی پروفائل مسلمان مبلغ سمجھے جاتے تھے جنہوں نے گیارہ ستمبر 2011 کو امریکہ میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر حملہ کرنے والوں کی تعریف کی تھی۔
اپنے شدت پسندانہ خیالات کے باعث خبروں میں رہنے والے انجم چودھری نے کہا تھا کہ وہ برطانوی شاہی خاندان کے بکنگھم پیلس کو مسجد میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
انجم چودھری کو سنہ 2016 میں بھی گرفتار کیا گیا تھا جب انہوں نے داعش کی حمایت کی ترغیب دی تھی۔ ان کو ساڑھے پانچ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم سنہ 2018 میں رہا کر دیا گیا تھا۔
پراسیکیوٹر ٹام لٹل نے بتایا کہ سنہ 2014 میں جب لبنان میں المہاجرون کے سربراہ عمر باکری محمد کو جیل میں ڈالا گیا تو انجم چودھری تنظیم کے ’قائم مقام امیر‘ بن گئے تھے۔
انجم چودھری پر 29 سالہ کینیڈین شہری خالد حسین کے ہمراہ مقدمہ چلایا گیا۔ خالد حسین کو بھی گزشتہ برس اُسی دن ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچنے پر حراست میں لیا گیا تھا جس روز انجم چودھری کو گرفتار کیا گیا تھا۔
خالد حسین پر کالعدم تنظیم کا رکن ہونے کا الزام ثابت ہوا تھا اور اُن کو پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

شیئر: