آئمہ بیگ نے اپنی سٹوری میں لکھا تھا کہ ’اللہ عمرہ قبول کرے اور اپنے حفظ و امان میں رکھے، بائے پاکستان، میں اپنے ملک کو بہت یاد کروں گی۔‘
گلوکارہ نے سٹوری میں مزید لکھا تھا کہ ’میں معمول کے طور پر ایک، دو ہفتوں یا چند مہینوں کے لیے نہیں بلکہ ایک لمبے عرصے کے لیے ملک سے باہر جا رہی ہوں، ملک چھوڑنے پر خوش نہیں ہوں لیکن یقین ہے کہ اللہ سب کچھ ٹھیک کر دے گا۔‘
گلوکارہ کی اس سٹوری کے بعد ان کے پرستار اس کشمکش کا شکار ہو گئے کہ گلوکارہ مستقل طور پر پاکستان چھوڑ کر کہیں اور سکونت اختیار کرنے لگی ہیں۔
تاہم آئمہ بیگ کی جانب سے اس معاملے کی بعد ازاں وضاحت کی گئی۔
گلوکارہ نے بتایا کہ وہ مستقل طور پر پاکستان نہیں چھوڑ رہی ہیں بلکہ کچھ عرصہ کے لیے ضروری کام کی وجہ سے پاکستان سے باہر جا رہی ہیں۔
آئمہ بیگ نے دبئی ایئرپورٹ پر بنائی گئی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں کام کے سلسے میں کچھ عرصے کے لیے جا رہی ہوں، میں ملک چھوڑ کر کہیں نہیں جانے والی، میں آپ لوگوں کو چھوڑ کر کہیں نہیں جانے والی چاہے کتنی ہی آپ لوگ مجھ سے جان چھڑا لو اور نہ ہی میوزک چھوڑ رہی ہوں۔‘
موسیقی کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے آئمہ بیگ کا کہنا تھا کہ ’میوزک میری جان ہے، میوزک میرا پیشن ہے، آپ کی بہن اسی طرح میوزک بناتی رہے گی، جس نے بہن ماننا ہے بہن مانے جس نے میم ماننا ہے میم مانے۔‘