Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ: لیبر قانون کے کچھ آرٹیکلز میں ترمیم اور فنڈ ریزنگ سسٹم کی منظوری

کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت جدہ میں ہوا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے لیبر قانون کے کچھ آرٹیکلز میں ترمیم کرنے اور فنڈ ریزنگ سسٹم کی منظوری دی ہے۔
کابینہ کا اجلاس منگل کو  خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت جدہ میں ہوا ہے۔
اجلاس کو شاہ سلمان کی جانب سے ایرانی صدر کو بھیجے گئے پیغام اور سعودی ولی عہد سے فرانسیسی صدر کی جانب سے ٹیلی فونک رابطے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکر عصام بن سعد بن سعید نے بتایا ’ کابینہ نے مختلف ملکوں اور تنظیموں کے ساتھ تعاون اورجوائنٹ ورک پر تبادلہ خیال کیا جو مملکت کی پوزیشن، اس کے علاقائی اور بین الاقوامی کردار کو بڑھانے، مشترکہ مفادات کی تکمیل، خطے اور اس سے باہر استحکام اور خوشحالی کی سپورٹ کے لیے ہے‘۔
اجلاس میں بین الاقوامی پارٹنرز کے تعاون سے 100 ملکوں میں منصوبوں پر عملدرآمد کرنے پر شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی تعریف کی جو آفات اور بحران سے متاثرہ افراد کو انسانی امداد کی فراہمی اور مدد فراہم کرنے کےلیے مملکت کے عزم کا اظہار ہے۔
 مکہ مکرمہ میں ہونے والی اسلامی وزرائے اوقاف کی کانفرنس کے نتائج کو سراہا گیا جس کا مقصد اسلامی یکجہتی کو مضبوط بنانا، اعتدال پسندی کی وکالت کرنا اور مسلم دنیا کے خدشات کو دور کرکے اتحاد اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔

سعودی ولی عہد اور فرانسیسی صدر کے ٹیلی فونک رابطے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)

اجلاس میں سعودی عرب اور کرغیرستان کے درمیان سفارتی اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والوں کو قلیل مدتی ویزے سے استثنی سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔
سعودی کمیونیکیشن، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن اور ڈیجیٹل تعاون تنظیم کے درمیان کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی۔
مملکت اور برطانیہ کے درمیان جید ٹرانسپورٹیشن کے طریقوں اور ریلوے کے شعبے میں تعاون جبکہ سعودی پریس ایجنسی اور کویت نیوز ایجنسی کے درمیان تعاون اور خبروں کے تبادلے کے لیے مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی گئی۔

شیئر: