سعودی کابینہ کے اجلاس میں مملکت اور دنیا کے مختلف ملکوں کے درمیان تعاون میں پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا ہے۔
اجلاس میں باہمی دلچسپی اور مشترکہ مفادات کے لیے متعدد شعبوں میں دوطرفہ اور اجتماعی کام کو بڑھانے کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ازبکستان اور آذربائیجان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں کیے جانے والے معاہدوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
یہ معاہدے تیل کی منڈیوں کی پائیداری اور استحکام کے ساتھ صاف توانائی کے شعبے میں تعاون میں پیش رفت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات نے واس کو بتایا کہ کابینہ نے اسلامی سربراہ کانفرنس کے 15 ویں اجلاس میں سعودی عرب کی شرکت اور کانفرنس کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ سعودی عرب نے تنازعات کو حل کرنے، علاقائی وعالمی امن اور سلامتی کو فروغ دینے کے حوالے سے تمام کوششیں کیں۔
اجلاس میں سعودی عرب اور اردن کے درمیان توانائی سے متعلق تعاون کے معاہدے، سعودی وزارت توانائی اور برازیل کی وزارت توانائی اور کانکنی کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔