سعودی عرب کے مغرب میں واقع عسیرریجن میں ان دنوں سیاحوں کی آمد بڑھ گئی خاص طور پر سروات کے پہاڑی علاقوں میں جہاں بارش کے بعد درجہ حرارت 15 سے 25 سینٹی گریڈ کے درمیان ہے۔

سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق عسیر ریجن کے بیشترعلاقے حالیہ ایام میں شدید بارش کی زد میں رہے۔ بادل اور دھند چھائی رہی۔
موسمیات کے قومی مرکز اور شہری دفاع نے جمعے تک بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
یہاں آنے والے زیادہ تر ہائیکرز دستی چھتری کے حصول کی خواہش رکھتے ہیں تاکہ بارش اور ژالہ باری کے دوران سبزے سے ڈھکے عسیر کے پہاڑوں کے درمیان جو تقریبا بادلوں کو چھو لیتے ہیں سرد موسم کا لطف لے سکیں۔
