Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل کی جنگ پورے خطے کو لپیٹ میں لے رہی ہے: اسحاق ڈار

حماس کے رہنما اسماعیل ھنیہ کے قتل نے کشیدگی کو بڑھا دیا ہے۔ (فوٹو: ایکس او آئی سی)
پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ’ مقبوضہ فلسطینی علاقے کے عوام کے خلاف اسرائیل کی جاری جنگ کھل کر پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے‘۔
 جدہ میں بدھ کو او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا تہران میں حماس کے رہنما اسماعیل ھنیہ کے قتل نے کشیدگی کو بڑھا دیا ہے۔ اس کی مذمت کے لیے الفاظ کافی نہیں۔ اس کے ممکنہ نتائج اور مضمرات سنگین اور تباہ کن ہیں۔ 
اسحق ڈار نے کہا ’ مقبوضہ فلسطینی علاقے بالخصوص غزہ میں گزشتہ نو ماہ سے جو کچھ ہورہا ہے اس کی دل دہلا دینے والی تفصیلات ہم سب جانتے ہیں۔ اسرائیل کے ہاتھوں 40 ہزار بے گناہ فلسطینی جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں کی ہلاکت ہمارے اجتماعی ضمیر پر بوجھ ہے‘۔ 
پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا’ ہم ایک ایسے وقت اجلاس کر رہے ہیں جب مشرق وسطیٰ اور اس سے باہر وسیع تر انتشار کا خطرہ زور پکڑ رہا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا’ کوئی غلطی نہ کریں، اگر آج یہ ایران ہے، تو کل یہ ایک اور او آئی سی ملک ہوسکتا ہے جو اسی طرح اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کا سامنا کر سکتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ’غزہ میں محصور فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی کو بڑھانا، ان کی خوراک، ادویات، توانائی اور دیگر ضروری سامان کی ضروریات کو پورا کرنا چاہئے۔ رفح کراسنگ کا کنٹرول مصر کے حوالے کیا جائے، غزہ تک رسد کے دیگر تمام راستے کھولے جائیں‘۔
’ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی ایجنسیوں کو غزہ میں مکمل طور پر کام کرنے کی اجازت دی جائے‘۔ 
وزیر خارجہ نے زور دیا کہ’ ہمیں فوری طور پر دو ریاستی حل کے قیام کے لیے سیاسی اور سفارتی عمل شروع کرنا چاہیے۔ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے اندر ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام جس کا دارالحکومت القدس ہو‘۔
انہوں نے بتایا ’پاکستان یکم جنوری 2025 سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دو سالہ مدت کے لیے اپنی نشست سنبھالنے کی تیاری کر رہا ہے‘۔
’عالمی امن کو آگے بڑھانا اولین ترجیحات میں شامل ہوگا جس میں دیرینہ تنازعات خاص طور پر مسئلہ فلسطین اور کشمیر کا تنازع حل کرنے کے لیے سیاسی اور سفارتی حمایت کو متحرک کرنا شامل ہے‘۔

شیئر: