پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے
او آئی سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس بدھ 7 اگست کو جدہ میں ہوگا (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
پاکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) وزرائے خارجہ کی سطح پر ایگزیکٹیو کمیٹی کے غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کےلیے سعودی عرب پہنچ گئے۔
او آئی سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس بدھ 7 اگست کو جدہ میں ہوگا۔
سعودی عرب پہنچنے پر مملکت میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور سعودی وزارت خارجہ مدینہ برانچ کے ڈائریکٹر جنرل ابراہیم بن محمد سعید الصبحی نے ان کا خیرمقدم کیا۔
اسحاق ڈار منگل کو اسلام آباد سے مدینہ منورہ پہنچے جہاں انہوں نے مسجد نبوی میں نوافل ادا کیے اور روضہ رسول پر حاضری دی۔
یاد رہے کہ اوآئی سی نےفلسطینی عوام کےخلاف بالخصوص غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی مظالم کے جواب میں یہ اجلاس بلایا ہے۔
اجلاس میں فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی جرائم پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جس میں حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اور سابق فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کا قتل اور ایران کی خود مختاری کے خلاف اس کی جارحیت شامل ہے‘۔
اب تک کی کارروائیوں کے نتیجے میں 40 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور 91 ہزار زخمی ہوچکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔
بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیمی سہولتوں، عبادتگاہوں اور تاریخی مقامات کے ساتھ ساتھ چار لاکھ 30 ہزار گھروں سمیت شہری املاک کو بھی تباہ کردیا گیا جبکہ تقریبا 20 لاکھ فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔