پیرس اولمپکس 2024: انڈیا پانچ تمغے جیت کر بھی پاکستان سے پیچھے کیوں؟
ارشد ندیم نے اولمپکس کے مقابلوں میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا انفرادی گولڈ میڈل جیتا (فوٹو: اے ایف پی)
پیرس میں جاری اولمپکس 2024 اب اپنے اختتام کے قریب ہے اور انڈیا نے چار کانسی اور ایک چاندی کا تمغہ جیتا ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے ارشد ندیم نے سونے کا تمغہ جیتا ہے۔
مجموعی طور پر انڈیا نے پیرس اولمپکس 2024 میں پانچ جبکہ پاکستان نے صرف ایک تمغہ جیتا لیکن اس کے باوجود پاکستان اولمپکس میڈل ٹیبل پر انڈیا سے آگے ہے۔
اولمپکس کے 13ویں روز کے اختتام پر پاکستان 53ویں نمبر پر ہے جبکہ انڈیا پانچ تمغے جیتنے کے باوجود پاکستان سے 11 درجے نیچے 64 ویں نمبر پر ہے۔
پاکستان کی انڈیا پر برتری کی وجوہات
پاکستان کی انڈیا پر برتری حاصل کرنے کی وجہ اولمپکس کی انتظامیہ کا وہ نظام ہے جس کے تحت تمغے جیتنے والوں کی درجہ بندی کی جاتی ہے۔
اولمپکس کی انتظامیہ کی جانب سے درجہ بندی سونے کے تمغوں کے اعتبار سے کی جاتی ہے۔
یعنی ایک طرف کسی ملک نے 10 کانسی اور چاندی کے تمغے جیتے ہوں اور دوسری طرف کسی ملک نے صرف ایک سونے کا ایک میڈل جیتا ہو تو وہ ملک اس 10 تمغے جیتنے والے سے درجہ بندی میں اوپر ہوگا۔
البتہ درجہ بندی اس وقت ضرور متاثر ہو گی جب چاندی اور کانسی کے بجائے سونے کے تمغوں کی تعداد جیتنے والوں میں برابر ہو جائے۔
یاد رہے کہ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے جمعرات کو پاکستان کے لیے سب سے لمبا جیولن پھینکنے پر ’مینز جویلین تھرو‘ کا مقابلہ جیت کر گولڈ میڈل حاصل کیا تھا جبکہ پاکستان کا اولمپکس کی تاریخ میں یہ انفرادی حیثیت میں پہلا سونے کا تمغہ تھا۔