پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ ان کی فائنل میں 88 میٹر کی تھرو 95 میٹر تک جا سکتی تھی اگر وہ اپنا بازو نہ دباتے۔
جمعرات کو پیرس میں ہونے والے مینز جیولِن تھرو فائنل کے بعد ساتھی ایتھلیٹس کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ارشد نے کہا ’مجھے امید تھی کہ میں اپنا بہترین کھیل پیش کروں گا، میں بہت خوش نصیب ہوں کہ پاکستانی قوم نے میرے لیے اتنی دعائیں کیں‘۔
مزید پڑھیں
-
پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دیNode ID: 877136
-
’ارشد بھی ہمارا لڑکا ہے‘ نیرج کی والدہ کے بیان پر انڈینز بھی خوشNode ID: 877149
صحافیوں نے ارشد ندیم سے ان کی ٹیکنیک کے بارے میں سوال کیا کہ وہ کیسے 92.97 میٹر تھرو کرنے میں کامیاب ہوئے، جس پر ارشد نے کہا کہ انہوں نے اپنی ٹیکنیک پر بہت کام کیا اور یہ پہلے سے بہت بہتر ہوچکی ہے۔
ارشد ندیم نے نیرج چوپڑا کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ انڈیا اور پاکستان کا جب کرکٹ میچ ہوتا ہے تو دونوں ملکوں کے عوام اپنا کام چھوڑ کر ٹی وی کے سامنے بیٹھ جاتے ہیں۔
’اسی طرح میرا اور نیرج چوپڑا بھائی کا جب مقابلہ ہوتا ہے تو ہر کوئی اپنا کام چھوڑ کر ٹی وی دیکھتا ہے۔ اس کی ہمیں بڑی خوشی ہوتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ دونوں طرف کے عوام اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور جو محنت کرتا ہے اس کو پھل ملتا ہے۔
ارشد ندیم نے کہا کہ ’ہم دونوں جنوبی ایشیا سے ہیں اور پوری دنیا میں پرفارم کرتے ہیں اس کی بڑی خوشی ہو رہی ہے۔ یہ دونوں ملکوں کے نوجوانوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ وہ بھی محنت کریں اور پوری دنیا میں اپنے اپنے ملکوں کا نام روشن کریں۔‘
ارشد نے مزید کہا کہ ’مجھے بہت کہا جاتا ہے کہ آپ کا رن اپ ایسا ہے جیسے آپ کرکٹ میں بھاگ رہے رہیں، میں اس پر کام کر رہا ہوں اور اب یہ کافی بہتر بھی ہوچکا ہے۔‘
کرکٹ کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے ارشد نے بتایا کہ وہ ہمیشہ کرکٹر بننا چاہتے تھے اور بہت اچھے بولر بھی تھے۔ صرف کرکٹ ہی نہیں فٹبال اور کبڈی میں بھی اچھی کارکردگی دکھاتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ میں نام اور جگہ بنانا بہت مشکل ہو جاتاہے اس لیے میں ایتھلیٹکس میں چلا گیا۔
دوسری جانب نیرج چوپڑا نے کہا کہ وہ اور ارشد ندیم سنہ 2016 سے ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔ گولڈ میڈل ہمیشہ سے میرے پاس رہا، مگر آج ارشد نے غیرمعمولی کارکردگی دکھائی اور کامیاب ہوئے۔ یہ اُن کے لیے اور اُن کے ملک کے لیے بڑی کامیابی ہے۔
میں ارشد ندیم کو سراہتا ہوں کہ انہوں نے بہت محنت کی۔ یہ پاکستان اور انڈیا کے لیے بہت اچھا ہے کہ اب مزید ایتھلیٹ اس کھیل میں آئیں گے اور جیولِن اُٹھا کر مقابلہ کریں گے۔
نیرج چوپڑا نے کہا ’حالیہ کچھ عرصے میں جیولن کا کھیل دونوں ملکوں میں مشہور ہو چکا ہے اور مستقبل میں یہ مزید مقبول کھیل کا درجہ حاصل کرے گا۔‘
واضح رہے جمعرات کو پیرس میں جیولن تھرو کے فائنل مقابلے میں ارشد ندیم نے دوسری اٹیمپٹ میں 92.97 میٹر تھرو پھینک کر نیا اولمپکس ریکارڈ قائم کیا تھا اور گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔