Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کشمیر کاز کو اجاگر کرتے رہیں گے‘ او آئی سی سکریٹریٹ میں تقریب اور تصویری نمائش

کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کو مضبوط  بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔(فوٹو: ایکس اوآئی سی)
اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) میں پاکستان کے مستقل مشن نے او آئی سی سکریٹریٹ جدہ میں یوم استحصال کشمیر پر تقریب اور تصویری نمائش کا انعقاد کیا۔ 
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید، ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ حیدر شاہ، اوآئی سی رکن ممالک کے مستقل مندوبین، سفارتکار، او آئی سی حکام اور میڈیا کی  بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب میں کشمیری عوام  کے ساتھ او آئی سی کی یکجہتی کو مضبوط  بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے کشمیر کاز کے لیے او ائی سی کی واضح اور دوٹوک حمایت کا اعادہ کیا اور کہا ’او آئی سی اپنے مختلف میکنزم خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر، رابطہ گروپ اور کشمیر میں انسانی حقوق کی نگرانی کےلیے آئی پی ایچ آرسی کے سٹنیڈنگ میکنزم کے ذریعے کشمیر کاز کو اجاگر کرتے رہیں گے‘۔
انہوں نے ایک تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا جس میں کشمیر میں انڈین فورسز کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دکھایا گیا ہے۔
او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے سید فواد شیر نے اپنے خطاب میں کشمیر کاز کی حمایت جاری رکھنے پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان نے کشمیر کاز کی حمایت جاری رکھنے پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے  کہا ’ کشمیر غیر حل شدہ بین الاقوامی تنازعات میں سے ایک ہے۔ انڈیا نے 5 اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا۔ اب اس کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی مہم شروع کی ہے۔ اس کا مقصد کشمیری عوام کو ان کی اپنی سرزمین پر ایک بے اختیار اقلیت میں تبدیل کرنا ہے‘۔
انہوں نے کہا ’غزہ کی جنگ کے پس منظر میں جہاں بے گناہ فلسطینی بدترین جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا سامنا کررہے ہیں ۔کشمیریوں نے یوم استحصال کے بعد سے دگنا درد اور اذیت برداشت کی ہے‘۔
انہوں نے او آئی سی پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی آواز کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو دگنا کرے۔
قونصل جنرل خالد مجید نے انڈین مظالم کے خلاف کشمریوں کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ عالمی برادری کشمیر کی سنگیںن صورتحال کا نوٹس لے گی۔
انہوں نے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی منصفانہ جدو جہد کے لیے پاکستان کی مضبوط اور غیرمتزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔

شیئر: