Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ کے سکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں بچوں سمیت 80 ہلاک

غزہ حکومت کے میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ سکول میں تقریباً 250 بچے اور خواتین پناہ لیے ہوئے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
غزہ کی سول ڈیفنس نے کہا ہے کہ سکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعدا کم سے کم 80 ہو گئی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ال آہلی ہسپتال کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ سنیچر کو ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والے 70 افراد کی نعشیں جبکہ 10 کے اعضا ملے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے سکول پر تین راکٹ حملے کیے جہاں بےگھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ داراج کے علاقے میں واقع التابعین سکول میں حماس نے کمانڈ اور کنٹرول سینٹر بنایا ہوا تھا جس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو نقصان پہنچنے کے خطرے کو کم سے کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جس میں ’ہدف کو درست طور پر نشانہ بنانے کے لیے متعلقہ گولہ بارود کا استعمال، فضائی  نگرانی اور انٹیلیجنس معلومات شامل ہیں۔‘
فلسطینی عسکری گروپ اسلامک جہاد کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے فجر کی نماز کے وقت حملہ کیا۔
غزہ میڈیا آفس کے ڈائریکٹر جنرل اسماعیل الثوابتا نے اے ایف پی کو بتایا کہ حملے میں ’ایک سو سے زیادہ شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں جن میں سے اکثر کی حالت نازک ہے۔‘
غزہ حکومت کے میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ سکول میں تقریباً 250 بچے اور خواتین نے پناہ لے رکھی تھی۔

شیئر: