پی آئی اے کا کراچی سے جدہ اور مدینہ کے کرایوں میں 30 فیصد کمی کا اعلان
مسافر اس رعایتی کرایے پر 30 ستمبر 2024 تک سفر کر سکیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے پیر کو کراچی سے جدہ اور مدینہ کے لیے کرایوں میں 30 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔
نئے کرایوں کے مطابق کراچی سے جدہ اور مدینہ کے لیے یکطرفہ کرایہ اب 56 ہزار روپے بشمول ٹیکس ہوگا۔ جبکہ دو طرفہ کرایہ 88 ہزار روپے بشمول ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔
یہ رعایتی کرایے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور ٹکٹوں کی خریداری 31 اگست 2024 تک کی جا سکتی ہے۔
مسافر اس رعایتی کرایے پر 30 ستمبر 2024 تک سفر کر سکیں گے۔
ترجمان پی آئی کے مطابق ایئرلائن کا یہ اقدام سفر کو مزید سستا اور قابل رسائی بنانے کے لیے ہے۔
’امید ہے کہ اس سے سعودی عرب کے مقدس مقامات کی زیارت کے خواہاں مسافروں کو فائدہ ہوگا۔‘
جشن آزادی کی خوشی میں کینیڈا اور اندرون ملک کی پروازوں کے کرایے بھی کم کیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پی آئی اے نے ملک کے یوم آزادی کے موقع پر بھی اپنے ٹکٹ سستے کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان سے کینیڈا اور اندرون ملک کے سفر کرنے والے مسافروں کو ٹکٹ کی خریداری پر 14 فیصد تک رعایت دی گئی تھی۔ اس سکیم کے تحت 14 اگست تک بک کرائے گئے ٹکٹ پر 14 نومبر تک سفر کیا جاسکتا ہے۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستان کی قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے جشن آزادی پر ٹکٹ سستے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اس سکیم میں مسافروں کی بہت دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے سعودی عرب جانے والے مسافروں کی تعداد بہت زیادہ ہے، ملک سے عمرہ زائرین سمیت روزگار اور کاروبار کے لیے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے قومی ایئر لائن نے اپنے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان حج عمرہ آپرییٹرز نے قومی ایئر لائن کی جدہ اور مدینہ کے لیے پروازوں کے کرائے کم کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
پاکستان سے حج و عمرہ ادائیگی کے لیے گروپ بھیجنے والے ٹریول آپریٹر نوید وحید نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی جانب سے ٹکٹ میں کمی کا اعلان ہوتے ہی ٹکٹوں کی بکنگ میں معمول سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
’صبح سے ہی عمرہ ادائیگی کے لیے بکنگ کرنے والوں کی کالیں موصول ہورہی ہیں، مقدس مقامات کی زیارت کرنے والے کوشش کررہے ہیں کہ قومی ایئر لائن کی اس آفر سے فائدہ اٹھائیں۔‘
اس سے قبل رواں سال جون میں قومی ایئر لائن کی جانب سے سعودی عرب کے شہر ریاض، دمام اور القسیم جانے والے مسافروں کے لیے بھی 30 فیصد کرایوں میں کمی کی گئی تھی۔
اس سکیم کے تحت مسافروں نے 10 جون سے 18 جون تک رعایتی ٹکٹ حاصل کیے تھے۔
نوید وحید کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو اب اپنی پروازوں کا نظام بھی بہتر بنانا ہوگا، تاکہ مسافر ایئر لائن پر اعتماد بحال رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو اپنے انتظامی امور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، پروازوں میں تاخیر اور فلائیٹ کینسل کی شکایت پی آئی اے کے لیے نقصان دہ ہے۔
واضح رہے کہ قومی ایئر لائن ( پی آئی اے) کی آج بھی آپریشنل وجوہات کی بنا پر3 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
پی آئی اے کی کراچی سے جدہ کے لیے شیڈول پرواز آج اپنے مقررہ وقت پر روانہ نہیں ہوئی ہے، اسی طرح کراچی سے بلوچستان کے شہر گوادر کے لیے بھی دو پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ پروازوں کی آمد و رفت میں بھی تاخیر کا مسئلہ آج بھی رپورٹ کیا گیا۔
لاہور سے جدہ کے لیے جانے والی پرواز ڈیڑھ گھنٹہ اور پشاور سے جدہ کے لیے جانے والی پرواز تقریبا پونے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔