Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

السعودیہ آن ٹائم پرفارمنس کی درجہ بندی میں بدستور سرفہرست

السعودیہ کو آئندہ چند سالوں میں 103 نئے طیارے ملیں گے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی (السعودیہ) آن ٹائم پرفارمنس کی عالمی درجہ بندی میں بدستور سرفہرست ہے اور مسلسل دوسری مرتبہ ہ سنگ میل حاصل کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق انڈیپینڈنٹ ایوی ایشن ٹریکنگ سائٹ سیریم کی جولائی 2024 کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی ایئرلائن نے چار براعظموں میں 100 سے زیادہ مقامات کے نیٹ ورک میں 16 ہزار 503 پروازیں آپریٹ کیں اور 88.12 فیصد کی بروقت آمد اور 88.15 فیصد کی بروقت روانگی کی شرح حاصل کی۔
السعودیہ گروپ کے جنرل مینجر انجینیئر ابراہیم العمر نے کہا  السعودیہ گروپ میں بہترین آن ٹائم پرفارمنس کا حصول ایک بنیادی مقصد رہا ہے کیونکہ اس کا براہ راست تعلق مسافروں کے اطمینان سے ہے۔ ہم نے اس سال مصروف سیزن کے دوران اسے کامیابی سے برقرار رکھا ہے۔
ابراہیم العمر نے کہا یہ السعودیہ گروپ اور ایوی ایشن انڈسٹری میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کا ثبوت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ چند سالوں میں السعودیہ کو 103 نئے طیارے ملیں گے جو ایئر لائن کی نشستوں کی تعداد کو دگنا کرنے اور نئے عالمی مقامات تک توسیع کرنے کی حکمت عملی کے ساتھ وژن 2030 کے مطابق دنیا کو مملکت کی طرف راغب کرنے کے عزم کے مطابق ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: