Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضلع باجوڑ: دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں تین فوجی جان کی بازی ہار گئے

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان فوج کے تین جوان جان کی بازی ہار گئے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ’18 اور 19 اگست کی رات کو ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت دیکھی جو پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔‘
’ہمارے فوجیوں نے مؤثر طریقے سے ان کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔ اس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے پانچ خوارج ہلاک ہو گئے جبکہ چار زخمی ہوئے۔‘
بیان کے مطابق تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائیک عنایت خان (عمر: 36 سال، رہائشی ضلع خیبر)، لانس نائیک عمر حیات (عمر: 35 سال، رہائشی ضلع مانسہرہ) اور سپاہی وقار خان (عمر: 25 سال، رہائشی ڈسٹرکٹ پشاور) بہادری سے لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان مستقل طور پر افغانستان کی عبوری حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے گی۔
دوسری جانب وزیرِاعظم شہباز شریف نے ضلع باجوڑ کے سرحدی علاقے میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں پانچ خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’وزیراعظم نے خوارجی دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جان کی بازی ہارنے والے پاکستان فوج کے جوانوں نائیک عنائیت خان، لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے بلندی درجات کی دعا کی۔‘

شیئر: