Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ میں فیک نیوز پر فسادات: لاہور ڈیفنس سے ایک شخص گرفتار

30 جولائی کو ایک ڈانس کلب میں تین لڑکیوں کی ہلاکت کے بعد انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے عناصر نے فسادات اور پرتشدد مظاہرے شروع کیے تھے۔ (فوٹو: روئٹرز)
برطانیہ میں فیک نیوز پر احتجاج اور ہنگاموں کے معاملے پر لاہور پولیس نے ڈیفنس سے ایک شخص فرحان آصف کو حراست میں لے لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے منگل کو لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فرحان آصف کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کےحوالے کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’فرحان آصف پاکستان میں ایک نیوز پلیٹ فارم کے لیے کام کرتے ہیں۔ اور ان پر برطانیہ میں تین بچیوں کے قاتل کی شناخت کی فیک نیوز دینے کا الزام ہے۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ مہینے 30 جولائی کو برطانیہ کے شمال مغربی علاقے ساؤتھ پورٹ میں ایک ڈانس کلب میں ہونے والے چاقو کے حملے میں تین لڑکیاں ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئی تھیں جس کے بعد انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے عناصر نے فسادات اور پرتشدد مظاہرے شروع کیے تھے۔
سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی غلط معلومات نے ڈانس کلب پر ہونے والے حملے کو مختلف طریقوں سے ایک مسلمان یا پناہ گزین تارکین وطن سے منسوب کیا لیکن بعد میں مبینہ حملہ آور کی شناخت 17 سالہ ایگزل رداکوبانا کے نام سے ہوئی جو کارڈف میں پیدا ہوا تھا۔
اس حملے کے بعد شروع ہونے والے فسادات برطانیہ کے دوسرے بڑے شہروں میں بھی پھیل گئے جب کہ متعدد مقامات پر مساجد کو نشانہ بنایا گیا۔

شیئر: