کیا عامر خان اور سلمان خان 30 برس بعد فلم میں دوبارہ اکٹھے نظر آئیں گے؟
جمعرات 22 اگست 2024 16:08
شائقین نے فلم انداز اپنا اپنا کے بعد دونوں سپر سٹارز کو دوبارہ کبھی ایک ساتھ کام کرتے نہیں دیکھا (فوٹو: کوئی موئی)
1994 کی فلم ’انداز اپنا اپنا‘ آج بھی فلم شائقین کے ذہنوں پر نقش ہے۔ سلمان خان اور عامر خان کے درمیان آن سکرین دوستی فلم کو اب بھی یادگار بناتی ہے۔ تاہم شائقین نے اس فلم کے بعد دونوں سپر سٹارز کو دوبارہ کبھی ایک ساتھ کام کرتے نہیں دیکھا۔
لیکن عامر کے پروڈکشن ہاؤس کی تازہ ترین سوشل میڈیا پوسٹ نے ان افواہوں کی راہ ہموار کر دی ہے کہ عامر خان جلد ہی سلمان خان کے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔
عامر خان پروڈکشن نے سلمان خان کی ایک دہائی پرانی ٹویٹ کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا کہ ’میں نے عامر کو اس فلم کے بعد خود چھونے نہیں دیا۔ اگر وہ مجھے سونے میں بدل دیتا ہے تو؟‘ ٹویٹ کا حوالہ دیتے ہوئے عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس نے لکھا کہ ’ہم اس کے بارے میں بہت سوچتے ہیں۔‘
شائقین نے یہ قیاس آرائیاں کرنا شروع کر دیں کہ یہ دونوں میگا سٹارز کے درمیان کولیبوریشن کے لیے کوئی بڑا اشارہ ہے۔
ایک مداح نے کہا کہ ’آنے والی فلم کے بارے میں نئی چھیڑ چھاڑ؟‘ جبکہ ایک اور نیٹیزن نے کہا کہ "تو آپ لوگ کچھ لے کر آرہے ہیں اور آپ لوگ اس کی مارکیٹنگ میں اچھے ہیں۔‘
ایک اور مداح نے کہا کہ ’دونوں ایک ساتھ ایک پروجیکٹ کرنے جا رہے ہیں۔ امید ہے کہ ہم ایک اچھی فلم دیکھیں گے۔‘
ایک اور فین نے یہ بھی مشورہ دیا کہ عامر اور سلمان کو اس پروجیکٹ میں شاہ رخ خان کو بھی لینا چاہیے۔ پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’ہم تمام خانز کو ایک ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
سلمان خان ان دنوں اپنی فلم سکندر کی شوٹنگ کر رہے ہیں جس کی ہدایت کاری اے آر مروگاداس کر رہے ہیں۔ عامر خان ستارے زمین پر میں جنیلیا ڈیسوزا کے ساتھ نظر آئیں گے۔