’جہاز میں بم ہے،‘ ٹوائلٹ سے ٹِشو پیپر برآمد ہونے پر ایئر انڈیا کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
جمعرات 22 اگست 2024 19:53
جہاز کے عملے کے چار ارکان اور 135 مسافر چار گھنٹے تک ایئرپورٹ پر پھنسے رہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ممبئی سے تھرووننتھاپورم جانے والی ایئر انڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی657 کے مسافر چار گھنٹے تک اس وقت پھنسے رہے جب جہاز میں بم کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق جمعرات کو مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت 135 افراد نے صبح سات بج کر 50 منٹ پر زمین پر لینڈ کیا جب ایئرپورٹ پر پوری طرح سے ہنگامی انتظامات مکمل کر کے کریش ٹینڈر گاڑیاں پہنچا دی گئی تھیں۔
جہاز کے زمین پر اترنے کا وقت 8 بجے کے قریب تھا، تاہم جہاز کے زمین پر اترتے ہی اسے ایک طرف لے جایا گیا اور مسافروں کو باہر نکالا گیا۔
بم یا پھر پھٹنے والے مواد کے شبے میں جہاز اور سامان کی تفصیلی تلاشی لی گئی۔
جہاز میں موجود مسافروں کے سامان کی تلاشی لی گئی اور ہر ایک سے یہ چھان بین کی گئی کہ دھمکی آمیز ٹشو پیپر کس نے رکھا تھا؟
اس سارے عمل میں چار گھنٹے سے زائد کا وقت لگا اور اس دوران تمام مسافر ایئرپورٹ پر ہی پھنسے رہے۔
تحقیقات کے بعد حکام نے یہ بیان جاری کیا کہ یہ بم کی اطلاع جھوٹی تھی اور یوں فلائٹ کے مسافروں کو 12:45 پر ایئرپورٹ سے نکلنے کی اجازت ملی۔
دوسری جانب پولیس کو شبہ ہے کہ ٹشو پر یہ دھمکی آمیز پیغام فلائٹ کے مسافروں میں سے ہی کسی ایک نے بیت الخلا میں لکھ کر رکھا تھا۔
حکام یہ معلوم نہیں کر پائے کہ اس کے پیچھے کون تھا البتہ پولیس کو ایک مسافر پر شک ہے کہ ٹشو پیپر اس نے رکھا تھا۔
خبر کے مطابق اس واقعے کی وجہ سے دوسری پروازوں کا شیڈول متاثر نہیں ہوا۔
اس سے قبل جہاز کے پائلٹ نے صبح 7:30 پر ٹریفک کنٹرول کو بتایا کہ انہیں جہاز کے ٹوائلٹ سے ٹشو پیپر ملا ہے جس میں جہاز میں بم موجود ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔