Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب دنیا کے باشندوں کی نگاہیں ’سہیل‘ ستارے کی منتظر کیوں ہیں؟

سہیل ستارے کا موسم 52 دن تک رہتا ہے اور اس دوران رات کا موسم خوشگوار ہو جاتا ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
شدید گرم موسم میں عرب دنیا کے باشندوں کی نگاہیں تاریخی اہمیت کے حامل ’سہیل‘ نامی ستارے  کی جانب لگی ہوئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سہیل وہ ستارہ ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس کے طلوع ہونے کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ جاتا ہے۔
تاریخی اعتبار سے یہ ستارہ عرب صحراؤں میں سرد ایام کی نوید لاتا ہے اور عرب لوک دانش کے مطابق جب سہیل طلوع ہوتا ہے تو راتیں تھنڈی ہو جاتی ہیں۔
کنگ سعود یونیورسٹی کے شعبہ فلکیات کے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر ابوعزہ المحمدی نے عرب نیوز کو بتایا کہ جزیرہ نمائے عرب کے باشندوں کے لیے سہیل ستارے کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ ہمیشہ اس ستارے نے عرب فلکیات دانوں، عوام اور کسانوں کی بہت زیادہ توجہ حاصل کی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ ستارہ طویل گرمی کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے لیے جانا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے ظہور سے خطے کی بعض مقامی فصلوں کا موسم بھی جڑا ہوا ہے۔‘
انٹرنیشنل آسٹرونومیکل یونین کی ستاروں کی فہرست میں سہیل ستارے کا نام کینوپس ہے۔ یہ لاطینی زبان کا لفظ ہے۔
سہیل ستارہ سورج سے 310 نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے اور اس کا حجم سورج کی نسبت آٹھ گنا زیادہ ہے۔
ابوعزہ المحمدی نے بتایا کہ ’اس سال سہیل ستارہ جزیرہ نمائے عرب میں 24 اگست کو طلوع ہو گا۔ مختلف خطوں میں اس کے دکھائی دینے کے اوقات میں معمولی فرق بھی ہو سکتا ہے۔‘
سہیل ستارے کا موسم 52 دن تک رہتا ہے۔ اس دوران رات کا موسم خوشگوار ہو جاتا ہے جبکہ دن کے ابتدائی حصے میں گرمی برقرار رہتی ہے۔
اس موسم کے ختم ہوتے ہی عرب خطے میں دن کا درجہ حرارت بھی بہتر ہو جاتا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی السدیم الفلکی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ سہیل ستارہ قدیم زمانے سے عربوں بالخصوص جہاز رانوں اور مسافروں کے لیے مستند سمت نما کے طور پر جانا جاتا ہے۔
اماراتی ثقافت میں سہیل ستارے کو بہتات اور کثرت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس کی بنیاد پر بہت سے ماہی گیر، موتی جمع کرنے والے اور کسان اپنی سرگرمیوں کا فیصلہ کرتے ہیں۔
سہیل ستارے کے طلوع ہونے کے بعد سورج کی شعاعوں کے زاویے میں بھی تبدیلی آتی ہے جس کے بعد دن چھوٹے ہوتے جاتے ہیں جبکہ راتوں کا موسم سرد ہونے لگتا ہے۔
دنیا میں موسماتی تبدیلی کے اثرات کے باعث شاید اب کی بار سہیل ستارے کے موسم کے دوران ماضی کی طرح درجہ حرارت میں حسب توقع فرق نہ دیکھا جا سکے لیکن اس دوران موسم قابل برداشت ضرور ہو جائے گا۔
خاص طور پر اکتوبر میں جب بارشوں کا آغاز ہو گا تو درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ کے آس پاس آ جائے گا۔

شیئر: