Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران میں داعش کے 14 مشتبہ ارکان گرفتار

رواں برس جنوری میں داعش نے کرمان شہر میں ایک یادگاری تقریب میں دو دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ (فوٹو: روئٹرز)
ایرانی حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے داعش کے 14 مشتبہ ارکان کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر ملک میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
عرب نیوز کے مطابق ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے کہا ہے کہ وزارت انٹیلیجنس نے جمعے کو ایک بیان میں بتایا کہ ’سلسلہ وار کارروائیوں میں داعش خراسان کے 14 ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘
داعش خراسان اس جہادی گروہ کی افغانستان میں شاخ کو کہا جاتا ہے۔ ’خراسان‘ سے مراد وہ تاریخی خطہ ہے جس میں ایران، افغانستان اور وسطی ایشیا کے کچھ حصے شامل تھے۔
ارنا نے گرفتار ہونے والے افراد کی قومیت نہیں بتائی اور نہ ہی یہ بتایا کہ ان سب کو کب گرفتار کیا گیا۔ تاہم یہ بتایا ہے کہ ان سے البرز، فارس اور خوزستان میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
وزارت انٹیلیجنس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ملزمان گذشتہ دنوں ملک میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے آئے تھے۔‘
رواں برس جنوری میں سنی انتہا پسند گروہ داعش نے کرمان شہر میں ایک یادگاری تقریب میں دو دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ ان دھماکوں میں 90 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ شعیہ اکثریت والے ملک ایران میں سنہ 1978 کے بعد سب سے مہلک حملہ تھا۔
اس وقت کے وزیر داخلہ احمد واحدی نے کہا تھا کہ داعش ’صیہونی حکومت (اسرائیل) کی خاطر ملک میں کارروائیاں کر رہی ہے۔‘
اسرائیل اور حماس کے درمیان گذشتہ برس اکتوبر میں غزہ میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے اسرائیل اور ایران کے تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔

شیئر: