سعودی خاتون خوشبودار موم بتیوں کی صنعت کے فروغ کے لیے کوشاں
معطر مصنوعات کی تیاری میں ماحول دوست مواد پر بھرپور توجہ دی جاتی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں منفرد انداز کی خوشبودار موم بتیاں ایسی مصنوعات میں شامل ہیں جو عام لوگوں کی زندگی میں ماحول کو خوشگوار اور پُرسکون بنانے میں مددگار ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ابتدائی سرمایہ کے بغیر ایک خاتون مودہ السریحی نے اپنے خواب کی تکمیل کے لیے ریاض میں اپنے گھر کے مختصر سے کمرے سے 2021 میں اپنے کاروباری سفر کا آغاز کیا۔
مودہ السریحی کا برانڈ Agape & Co خاص قسم کے خوشبودار تیل، موم بتیاں، بخور، معطر جڑی بوٹیاں اور اعلیٰ معیار کے قیمتی پتھر تراش خراش کے ساتھ پیش کرتا ہے۔
مودہ السریحی نے بتایا ہے کہ مختلف انداز کی معطر موم بتیاں تیار کرنے اور منفرد انداز کی مصنوعات بنانے کا شوق ہی دستکاری سے میری دلچسپی اور محبت کو تسکین دیتا ہے۔
اس ہنر سے میری دلچسپی کا اثر ہے جس نے مجھے اپنے خواب کو تعبیر دینے کے لیے اس خاص کاروبار سے منسلک کیا۔
اپنے شوق کو دوام بخشنے کے لیے میرے سفر کا آغاز ایک پورٹیبل چولہے سے ہوا جس پر میں نے پہلی خوشبودار موم بتی تیار کرنے کا تجربہ کیا۔
مودہ السریحی نے معطر اور منفرد موم بتی کی دستکاری صنعت کے فروغ کے لیے آن لائن کورسز کا آغاز کیا ہے جس میں وہ اپنے تجربے کو دوسری خواتین تک بڑھانے کا جذبہ رکھتی ہیں۔
شوق کی تکمیل کے مراحل طے کرتے ہوئے اب ان کا ٹریڈ مارک رجسٹرڈ ہے، اس صنعت کو فروغ دینے کے لیے محنتی اور ہنرمند سٹاف کے ساتھ پارٹنرشپ پر فیکٹری بھی قائم کی ہے۔
اپنے کرئیر پر بات کرتے ہوئے السریحی نے بتایا شروع میں مجھے بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، جن میں ایک، ایک موم بتی کو اپنی نگرانی میں تیار کرانا جس میں اس کی بناوٹ کی خوبصورتی کو برقرار رکھنا اور بڑی مقدار میں تیار کرنا شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اپنی مصنوعات کی تیاری کے لیے مکمل احتیاط کے ساتھ ماحول دوست مواد پر بھرپور توجہ دی جاتی ہے۔
اپنی مصنوعات کی تیاری کے لیے ہنگری سے خاص قسم کا خوشبودار تیل حاصل کیا جاتا ہے اور اس سے تیار کردہ موم بتیاں اعلیٰ درجے کی ہیں۔
مودہ کے برانڈ کے لیے انسٹاگرام پر 7500 سے زیادہ فالوورز ہیں جہاں یہ برانڈ اپنی مصنوعات کو نئے اور پرانے صارفین کو متعارف کرانے کے لیے تصاویر کا البم پیش کرتا ہے۔