یہ نام اس لیے رکھا ہے کہ خوشبو پرکھنے کی صحیح جگہ نبض کے قریب ہے۔ فوٹو عرب نیوز
زینہ الحمزہ جیسی بہت سی سعودی شخصیات کے روزمرہ معمولات میں بالوں، کپڑوں اور اپنے گھر کو سنوارنے کے ساتھ ساتھ اچھی خوشبویات بھی زندگی کا لازمی جزو ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ان میں خاص طور پر کستوری، عنبر، عود کی لکڑی سے نکالا جانے والا خوشبودار تیل یا بخور کو جلا کر حاصل کی جانے والی منفرد خوشبو شامل ہے۔
سعودی خاتون زینہ الحمزہ کی خوشبوؤں اور عطریات سے محبت نے انہیں ' نبض ' کے نام سے پرفیوم کا اپنا برانڈ لاؤنچ کرنے پر آمادہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے یہ نام اس لیے رکھا ہے کہ اصل میں کسی بھی خوشبو کو پرکھنے کی صحیح جگہ ہماری نبض کے قریب تر ہوتی ہے۔
پرفیوم ہماری زندگی میں کسی بھی ملاقات کی یاد پر خوبصورت اور خوشگوار نقوش چھوڑتا ہے، کسی بھی قسم کی خوشبو ایک خاص زبان اور جذبات کو ظاہر کرتی ہے۔
زینہ الحمزہ کا کہنا ہے کہ درحقیقت عطر اور خوشبو کسی محفل میں شرکت کے موقع پر انسان کی شخصیت کا تاثر ابھارتی ہے۔
ہمارے خاص برانڈ نبض کے پاس فی الحال چار قسم کی خوشبوئیں ہیں جو صارفین کے مزاج کے مطابق تیار کی گئی ہیں۔
ہم نے جو پرفیوم تیار کیے ہیں وہ ایسے نفیس لوگوں کے لیے ہیں جو خوشبوؤں کے انتخاب میں ممتاز ہیں اور انفرادیت رکھتے ہیں۔
فرانس سے لائے گئے منفرد خوشبوؤں کے تیل کے علاوہ کستوری، عنبر اور بخور ان سب پرفیومز کا اپنا خاص مزاج ہوتا ہے۔
ہماری برانڈ کی تیار کی گئی چار خوشبوؤں میں نبض ون بہت مخصوص اور دلکش ہے جو کہ پیچولی، لکڑی اور ٹونکا بین کے خاص اجزاء کا مرکب ہے۔
نبض ٹو کی خوشبو خاص قسم کے تمباکو، بخور اور ایک اور لکڑی کی خوشبو کا مرکب ہے اور یہ ان لوگوں کے لیے خاص طور پر تیار کی گئی ہے جو اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے کسی کی بھی توجہ مبذول کروانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
اس برانڈ کی تمام خوشبوؤں کو تکنیکی لحاظ سے خاص طور پر انسانی جلد کے مطابق تیار کیا جاتا ہے۔
نبض تھری ہماری برانڈ کا خاص پرفیوم ہے کیونکہ یہ انڈین عود، کستوری، بخور اور عنبر کا ایک خاص مجموعہ ہے اور اسے مشرقی خوشبو سمجھا جاتا ہے۔
نبض فور برگاموٹ، کستوری اور لیچی کی خوشبو کا مرکب ہے جو روزمرہ استعمال کے لیے ہے اور اس کی ٹھنڈی ٹھنڈی خوشبو خاص طور پر بچوں کے لیے بھی انتہائی موزوں ہے۔
نبض پرفیوم کے منفرد برانڈ کا آغاز2021 میں کیا گیا جو حفاظتی نکتہ نظر سے فروخت کے لیے سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی لیبارٹری سے ٹیسٹ شدہ ہے۔
اس برانڈ نے مملکت میں منعقدہ کئی نمائشوں، تہواروں اور تقریبات میں شرکت کی ہے جہاں متاثر کن افراد کو مقامی برانڈز کو فروغ دینے کے لیے مدعو کیا جاتا رہا ہے۔
زینہ الحمزہ نے بتایا ہے کہ ہم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرجہاں عرب پرفیوم کی بہتات ہے اپنے برانڈ کو فروغ دیا ہے جس کے نتیجے میں اس کی اچھی فروخت ہے۔
ہم اپنے خاص برانڈ کا مستقبل روشن دیکھ رہے ہیں اور خواہش ہے کہ ہمارے برانڈ کی پہچان پرفیوم بنانے والوں کی فہرست میں نمایاں ہو۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں