مسجد الحرام میں دنیا کا سب سے بڑا کولنگ سسٹم کیسے کام کرتا ہے؟
مسجد الحرام میں دنیا کا سب سے بڑا کولنگ سسٹم کیسے کام کرتا ہے؟
جمعرات 29 اگست 2024 5:16
اوسطا 20 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت برقرار رکھا جاتا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں کولنگ سسٹم جس کی دیکھ بھال و انتظام مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کی جنرل اتھارٹی کرتی ہے، دنیا کے بڑے نظام میں سے ایک ہے۔ یہ سسٹم ایک لاکھ 55 ہزار ٹن تک ٹھنڈک فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے اس کا انتظام دو مرکزی سٹیشنوں کدی اور الشامیہ کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ الشامیہ سٹیشن کے ذریعے کولنگ گنجائش ایک لاکھ 20 ہزار ٹن ہے اور یہ مسجد الحرام سے 900 میٹر کی مسافت پر ہے۔ جبکہ دوسرا سٹیشن کدی کا ہے جہاں کولنگ گنجائش 35 ہزار ٹن اور یہ 500 میٹر دوری پر ہے۔
دو مرکزی سڈیشنوں الشامیہ اور کدی میں کولنگ سسٹم موجود ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق جدید کولنگ سسٹم نہ صرف لاکھوں زائرین کو آرام فراہم کرتا ہے بلکہ اسے دن میں نو بار صاف کر کے ہوا کے معیار کو بھی یقینی بناتا ہے۔ الٹرا وائلٹ شعاعوں کا استعمال کرتے ہوئے ہوا کو جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔ جس سے صفائی کی شرح 100 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔ یہ عمل مسجد کے مختلف حصوں میں جراثیم سے پاک ماحول کو برقرار رکھنے میں اہم ہے۔
اس نظام کو ٹیکنیکل، آپریشنل، مینٹیننس اینڈ فیسیلیٹی مینجمنٹ افیئرز ایجنسی کے ذریعے ہینڈل کیا جاتا ہے۔ اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ الیکڑو مکینیکل سسٹم بہتر طریقے سے کام کریں۔ تکنیکی ماہرین مسجد الحرام کے مختلف حصوں میں ہوا کو متوازن کرنے کے لئے کام کرتے ہیں۔ سیکیورٹی اور حفاظتی ہدایات کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔
ہوا بہتر بنانے کے لیے دن میں نو مرتبہ صفائی کی جاتی ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
مسجد الحرام میں ہوا کی تقسیم کو زائرین کی تعداد کے بنیاد پر ایڈجسٹ کیا جاتا ہے۔ درجہ حرارت سال بھر کنٹرول کیا جاتا ہے۔ اوسطا 20 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت برقرار رکھا جاتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں