سعودی کھجوروں کی برآمدت میں اضافہ، بڑے خریدار کون ہیں؟
کھجوروں کی برآمدات کی مالیت751 ملین ریال سے زیادہ تک پہنچ گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس نے کہا ہے کہ ’2024 کے پہلے چھ ماہ کے دوران کھجوروں کی برآمدات کی مالیت میں اضافہ ہوا ہے۔‘
ایس پی اے کے مطابق 2023 کی اسی مدت کے مقابلے میں برآمدات کی مالیت میں 9.9 فیصد اضافہ ہوا جو 751 ملین ریال سے زیادہ تک پہنچ گئی۔ 2023 میں برآمدات کی مالیت 683 ریال سے زیادہ رہی تھی۔
یہ اضافہ صرف ایک مارکیٹ تک محدود نہیں تھا۔ 2024 کے پہلے چھ ماہ کے دوران کئی ملکوں میں سعودی کھجوروں کی برآمدات کی مالیت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
کچھ ممالک میں 100 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا جس میں برازیل، ناروے، اٹلی اور کینیڈا شامل ہیں۔
جرمنی میں 91.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ اس کے بعد جنوبی کوریا میں 72 فیصد، انڈونیشیا میں 50.1 فیصد جبکہ سویڈن میں 43.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ملائیشیا کو کھجور کی برآمدات کی مالیت میں 32.6 فیصد اور برطانیہ 29.7 فیصد ،مراکش 25.3 فیصد اور امریکہ کے لیے 21.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سعودی عرب کی کھجور کی برآمدات میں نمایاں کامیابی کا سہرا سعودی قیادت کی جانب سے کھجور کے شعبے میں لامحدود سپورٹ کا نتیجہ ہے۔
اس کے علاوہ سعودی نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس کی جانب سے سعودی کھجور کو عالمی خریداروں کے اولین ترجیح بنانے کے لیے نجی سیکٹر کے تعاون سے مختلف انیشیٹوز پر کام کیا جا رہا ہے جس میں زرعی اور صنعتی پریکٹسز میں بہتری کے ذریعے کھجور کے معیار کو بہتر بنانا اور مارکیٹنگ میں سہولتیں شامل ہے۔
سعودی سینٹر نے سعودی کھجوروں کی عالمی ڈیمانڈ کو بڑھانے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کرکام کیا۔ اس کا مقصد سعودی کھجوروں کو گلوبل کنزیومر کے لیے پہلا انتخاب بنانا ہے۔