العلا کے فارمز میں کھجوروں کی سالانہ پیدا وار ایک لاکھ ٹن سے زیادہ
کھجور کے 3.1 ملین درخت 16.579 ہیکٹر رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے علاقے العلا کے پام فارمز سالانہ ایک لاکھ ٹن سے زیادہ کھجوروں کی پیداوار کے ساتھ علاقائی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
کھجور کے3.1 ملین سے زیادہ درختوں کے ساتھ تقریبا 16.579 ہیکٹر رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں۔ فارمز میں اس وقت کٹائی کا سیزن ہے اور یہ 15 اگست سے 30 اکتوبر تک جاری رہتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق علاقے کی زرخیز زمین اور وافر پانی کی فراہمی کی بدولت العلا کی کھجوریں غیرمعمولی معیار کی ہیں۔
العلا رائل کمیشن زرعی توسیع اور تحفظ کو فروغ دے کر اور مارکیٹنگ کے ذریعے مقامی کاشتکاروں کی مدد کرتا ہے۔ ایونٹس اور فیسٹول کا یہ مرکز، کھجوروں کے فارمز کے اطراف شہریوں اور سیاحوں دونوں کی دلچسپی کو بڑھاتا ہے۔
یاد رہے کہ لعلا مختلف تہذیبوں کا مرکز رہا ہے۔ یہاں کھجور کی پیداوار ہمیشہ آمدنی کا بڑا ذریعہ رہی ہے۔
قدیم زمانے میں یہاں کے لوگ مختلف علاقوں سے سامان حاصل کرنے کے لیے قیمت کے طور پر کھجور ہی دیا کیا کرتے تھے۔
یہاں کے عکمہ پہاڑ کی چٹانوں پر کھجور کے درختوں کی شکلیں بنی ہوئی ہیں۔ اسی طرح نبطی دور کے قبرستانوں کے کتبوں میں کھجور کے ہاروں کی شکلیں بھی ملتی ہیں۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ العلا کے علاقے میں جنم لینے اورعروج پانے والی تہذیبوں میں نخلستانوں کا کردار اہم رہا ہوگا۔