انڈیا میں طلبا کی خودکشی کے واقعات آبادی میں اضافے کی شرح سے زیادہ: رپورٹ
انڈیا میں طلبا کی خودکشی کے واقعات آبادی میں اضافے کی شرح سے زیادہ: رپورٹ
جمعرات 29 اگست 2024 7:28
رپورٹ کے مطابق طالبات کی خودکشی کے واقعات کی شرح میں سات فیصد اضافہ ہوا ہے (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا میں طلبا کی خودکشی کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے، ایک رپورٹ کے مطابق طلبا کی خودکشی کے واقعات نے آبادی میں اضافے کی شرح اور خودکشی کے مجموعی رجحان دونوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے اعداد و شمار کی بنیاد پر ’طلبا کی خودکشی: ایک وبائی مرض‘ کے عنوان سے ایک رپورٹ بدھ کو سالانہ کانفرنس اور ایکسپو 2024 میں پیش کی گئی۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ مجموعی طور پر خودکشی کی شرح میں سالانہ دو فیصد جبکہ طلبا کی خودکشی کے واقعات کی شرح میں چار فیصد اضافہ ہوا۔‘
گذشتہ دو دہائیوں کے دوران طلبا کی خودکشی کے واقعات کی شرح میں تشویشناک حد تک چار فیصد اضافہ ہوا جو قومی اوسط سے دوگنا زیادہ ہے۔
انٹرنیشنل کیریئر، کالج اینڈ کاؤنسلنگ (آئی سی 3) انسٹی ٹیوٹ کی مرتب کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2022 میں جن طلبا نے خودکشی کی ان میں 53 فیصد لڑکے تھے۔
2021 اور 2022 کے وسط میں نوجوانوں کے خودکشی کے واقعات کی شرح میں 6 فیصد کمی آئی جبکہ طالبات کی خودکشی کے واقعات کی شرح میں سات فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق طلبا کی خودکشی کے واقعات نے آبادی میں اضافے کی شرح اور خودکشی کے مجموعی رجحان دونوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
گذشتہ دہائی کے دوران جب 0 سے 24 سال کے بچوں اور نوجوانوں کی آبادی 582 ملین سے کم ہو کر 581 ملین ہو گئی، خودکشی کرنے والے طلبہ کی تعداد 6 ہزار 654 سے بڑھ کر 13،044 ہو گئی۔
آئی سی 3 انسٹی ٹیوٹ ایک تنظیم ہے جو دنیا بھر کے ہائی سکولوں کی ان کے منتظمین، اساتذہ اور مشیروں کی رہنمائی اور تربیتی وسائل کے ذریعے مدد فراہم کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر، تمل ناڈو، اور مدھیہ پردیش کو ان ریاستوں کے طور پر شناخت کیا گیا ہے جہاں طالب علموں کی خودکشی کی تعداد سب سے زیادہ ہے جو کُل تعداد کا ایک تہائی ہے۔
جنوبی ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے مجموعی طور پر کُل تعداد کا 29 فیصد ہیں جبکہ راجستھان جو اپنے اعلیٰ تعلیمی ماحول کے لیے جانا جاتا ہے، 10 ویں نمبر پر ہے۔
این سی آر بی کی طرف سے مرتب کردہ ڈیٹا پولیس کی ریکارڈ شدہ ایف آئی آرز پر مبنی ہے تاہم، یہ تسلیم کرنا ضروری ہے کہ طالب علم کی خودکشی کی اصل تعداد ممکنہ طور پر کم رپورٹ کی گئی ہے۔
آئی سی 3 موومنٹ کے بانی گنیش کوہلی کا کہنا ہے کہ ’یہ رپورٹ ہمارے تعلیمی اداروں میں ذہنی صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کی فوری ضرورت کی طرف توجہ دلاتی ہے۔‘