پاکستان کے مختلف شہروں میں بارش، پی آئی اے کی 8 پروازیں منسوخ
پاکستان کے مختلف شہروں میں بارش، پی آئی اے کی 8 پروازیں منسوخ
جمعرات 29 اگست 2024 9:55
کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصّوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں آئندہ 24 گھنٹوں میں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ 31 اگست تک موسلادھار بارشوں سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر اور سوات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے آج بدھ کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی 8 پروازیں منسوخ جبکہ 35 تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
بدھ کو جاری کیے گئے محکمہ موسمیات کے اعلامیے کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث سندھ، بلوچستان اورجنوبی پنجاب کے نشیبی علاقے زیرآب آ سکتے ہیں۔
’ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں، کراچی، حیدر آباد، دادو، قلات، خضدار،کے مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔‘
ملک کے کن شہروں میں بادل برسیں گے؟
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں فیصل آباد، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب وغیرہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ملتان، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، خانیوال، لودھراں، بہاولپور، رحیم یار خان، مظفرگڑھ میں وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصّوں حیدرآباد، بدین، سانگھڑ، جامشورو، سکھر، تھرپارکر، میرپور خاص، عمر کوٹ، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان اور مٹیاری میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ گھوٹکی، شکارپور، کشمور، خیرپور، لاڑکانہ، جیکب آباد ، دادو اور نوشہروفیروز میں بھی بارش کا امکان ہے۔
بحیرہ عرب میں ممکنہ سمندری طوفان، ٹروپیکل سائیکلون الرٹ جاری
انڈیا کے رن آف کچھ پر ڈیپ ڈپریشن اور شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ممکنہ سمندری طوفان کے باعث محکمہ موسمیات نے ٹروپیکل سائیکلون الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیپ ڈپریشن (ڈی ڈی، بہت مضبوط کم دباؤ کا علاقہ) رن آف کچھ، انڈیا کے اوپر پچھلے 12 گھنٹوں کے دوران بہت آہستہ آہستہ مغرب اور جنوب مغرب میں منتقل ہوا، اب یہ کراچی کے جنوب مشرق میں تقریباً 270 کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے۔
امکان ہے کہ یہ نظام مغرب اور جنوب مغرب کی طرف بڑھے گا جبکہ آج رات گئے یا جمعے کی صبح تک سندھ کے ساحل کے ساتھ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں پہنچے گا۔
تقریباً 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ سمندر ناہموار اور بہت ناہموار رہنے کا امکان ہے۔ ماہی گیروں کو 31 اگست تک سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
’چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر اور صوابی میں تیز ہواؤں جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔‘
اس کے علاوہ نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مہمند، خیبر، باجوڑ، چارسدہ، ہنگو ،میں تیز ہواؤں جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بھی بیشتر شمال مشرقی و جنوبی اضلاع میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ’خضدار، قلات، لسبیلہ، آواران، نصیر آباد، سبی، جعفرآباد، بارکھان، کوہلو، بو لان، جھل مگسی، پنجگور اور مکران میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔‘
جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
’سوات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ‘
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جعفر آباد، سبی، نصیر آباد، بارکھان، لورالائی، آواران، پنجگور، واشک، مستونگ اور لسبیلہ کے مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
موسلا دھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
پی آئی اے کی کی 8 پروازیں منسوخ، 35 تاخیر کا شکار
موسم کی صورتحال کی وجہ سے آج بدھ کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی 8 پروازیں منسوخ جبکہ 35 تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے اسلام آباد کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 301 اور 368 جبکہ کراچی سے سکردو کے مابین پی آئی اے کی پرواز 455 اور 456 کو بھی منسوخ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد سے گلگت کی 4 پروازیں پی کے 601، 602، 605 اور 606 کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔