Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض فیشن اینڈ ٹیکسٹائل ایکسپو میں سعودی برانڈز کی پذیرائی

نمائش میں سپورٹس گارمنٹس، فیبرکس اور چمڑے کی مصنوعات کے سٹالز تھے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض میں تین روزہ سعودی فیشن اینڈ ٹیکسٹائل ایکسپو میں فیشن اور ٹیکسٹائل میں جدید ترین ایجادات کے ساتھ 13 ممالک کے 500 سے زائد نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس تقریب میں بین الاقوامی اور علاقائی فرنچائزرز، کاروباری افراد اور فیشن انڈسٹری مالکان کو سعودی برانڈ کی پذیرائی کے ساتھ سرمایہ کاروں سے رابطے اور پارٹنرشپ قائم کرنے کے لیے منفرد پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے۔

ایکسپو میں سعودی عرب بھر سے فیشن کے شوقین افراد نے حصہ لیا۔ فوٹو عرب نیوز

نمائش میں سعودی عرب اور پاکستان سمیت ترکی، مصر، اٹلی، سپین، برطانیہ، انڈیا، بنگلہ دیش، مراکش، چین اور آئرلینڈ کے فیشن انڈسٹری کے شعبے سے متعلق افراد نے حصہ لیا۔
نمائش میں فیشن انڈسٹری کے علاوہ سپورٹس گارمنٹس، فیبرکس، یارن ، چمڑے کی مصنوعات، شوز اور ہینڈ بیگز کے سٹالز بھی موجود ہیں۔
ریاض انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی فیشن ایکسپو میں سعودی عرب بھر سے فیشن کے شوقین افراد نے حصہ لیا ہے۔
سعودی فیشن میں کپڑوں کے ڈیزائن، پرنٹنگ اور مینوفیکچرنگ کی خدمات پیش کرنے والی کمپنی ’دکو‘ کے سی ای او یاسر ناگرو  نے بتایا ’ ہمارا برانڈ 100 فیصد سعودی ہے اور آئندہ قومی دن کی خوشی میں صارفین کے لیے خصوصی پیش کش کر رہا ہے۔

فیشن ایکسپو میں مراکش اپنے 10 فیشن ہاؤسز کے ساتھ شریک تھا۔۔ فوٹو عرب نیوز

یاسر ناگرو نے بتایا ہماری کمپنی کو 18 سے زیادہ رنگوں کی بنیادی ٹی شرٹس، ہوڈیز اور پولو بنانے میں منفرد مقام حاصل ہے جو ہول سیل ریٹ پر مہیا کی جا رہی ہیں۔
نمائش میں موجود سٹال پر سعودی خاتون ماہا القحطانی نے بتایا کہ ہم نے سائبر سکیورٹی کے پس منظر کے ساتھ تین سال قبل اپنا برانڈ ’نول‘ کے نام سے تین سال قبل شروع کیا ہے۔
ماہا القحطانی نے بتایا کہ ’ہم نے مملکت میں ہونے والی مختلف نمائشوں میں حصہ لیا ہے اور ریاض ایکسپو میں فیشن ڈیزائنرز کو اپنے ساتھ جوڑنے اور سیلز چینلز کو بڑھانے پر ہماری توجہ ہے۔‘
انہوں نے برانڈ کی شناخت کے بارے میں بات کرتے ہوئے مزید بتایا ہمارے برانڈ کا نام ’نول‘ سے مراد کپڑے کی بُنائی میں استعمال ہونے والے آلے کی طرف ہے جو ہر لباس کے آغاز کی علامت ہے۔

فیشن و ٹیکسٹائل میں جدید ایجادات کے ساتھ 13 ممالک حصہ لے رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی عرب میں پیرامڈز گروپ کے سی ای او اور ایکسپو کے چیئرمین محمد الشریف نے سعودی فیشن اینڈ ٹیکسٹائل ایکسپو کے انعقاد پر حکومت اور مقامی چیمبرز آف کامرس کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
حالیہ فیشن اینڈ ٹیکسٹائل ایکسپو میں سعودی کمپنیوں کو بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ ایجنسیوں، ڈسٹری بیوشن اور عالمی معیار کے مشترکہ منصوبوں کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔
مراکش سے آئے ہوئے کاسا بلانکا کے چیمبر آف کامرس، انڈسٹری اینڈ سروسز کے صدر حسن برقانی نے فیشن ایکسپو میں مراکش کو تقریباً 10 فیشن ہاؤسز کے ہمراہ مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر مصر میں چیمبر آف گارمنٹس انڈسٹری کے صدر محمد عبدالسلام نے بھی مصر کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی نمائش اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
 

شیئر: