سعودی شہری نے سکول بس میں بند طالبعلم کی کیسے مدد کی؟
بیٹے کو سامنے سلامت پاکر اللہ کا شکر ادا کیا۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حفرالباطن میں ایک سکول بس جس کا دروازہ لاک ہے اور اس میں ایک طالب علم موجود ہے۔
ایک خالی جگہ کھڑی بس سے باہر نکلنے کےلیے طالبعلم کی مدد کےلیے پکارنے کی وڈیو وائرل ہوگئی۔
العربیہ چینل کے مطابق سعودی شہری جو نجم کمپنی میں ملازم ہے نے بتایا اس نے دیکھا سکول بس کے اندر بچہ موجود ہے اور بس کا دروازہ لاک ہے۔
سکول بس ٹرانسپورٹ سروسز کمپنی (رافد) نے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے پارکنگ ایریا میں ایک لاک بس کے اندر ایک طالب علم کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ ایک گھنٹے کے اندر بس میں موجود طالب علم کو باہر نکال لیا۔
بچے کے والد نے سبق سے گفتگو میں کہا ان کا بیٹا ٹھیک ہے اور وہ سکول بھی گیا۔
بچے کے والد ھلال بن نایف العنزی نے بتایا ان کا بیٹا جراح پرائمری سکول کی پہلی جماعت کا طالب علم ہے۔ مجھے ایک عہدیدار کی طرف سے واقعہ کی اطلاع ملی۔
فوری طور پر اس جگہ پہنچا تو سیکورٹی فورس کی گاڑیاں، سول ڈیفنس اور ایمبولینس کو دیکھا مگر جب بیٹے کو زندہ سلامت اپنے سامنے دیکھا تو اللہ کا شکر ادا کیا۔
انہوں نے کہا میں اس شہری کو نہیں جانتا جس نے مدد کی۔ اس کے اس احسان کا بدلہ کیسے چکا سکوں گا۔ میرے بیٹے کی جان بچانے کا سہرا اسی کے سر جاتا ہے۔ اس نے میرے بیٹے کو حوصلہ دیا اور بروقت مدد طلب کی۔
علاوہ ازیں ٹرانسپورٹ سروسز کمپنی ’رافد نے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے اس حوالے سے قانونی اقدامات کیے ہیں تاکہ آئندہ سکول بس میں موجود طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے ردعمل میں بس ڈرائیور اور ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے غفلت برتنے پر کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں