Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکول ٹرانسپورٹ کے نئے ضوابط، خلاف ورزیوں پر 5 ہزار تک چالان

ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر2 ہزار ریال جرمانہ ہوگا(فوٹو، ایس پی اے)
ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے سکول بس ڈرائیوروں سے متعلق نئے ضوابط جاری کر دیے ہیں۔ خلاف ورزی پر 5 سو سے 5  ہزار ریال تک جرمانے ہوں گے۔
اخبار 24 کے مطابق ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سکول بسوں کے ڈرائیوروں کے لیے ضوابط میں ترمیم کی گئی ہے جس کے مطابق ڈرائیورنگ کے دوران موبائل استعمال کرنے یا کچھ بھی کھانے پر 2 ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔
اتھارٹی کی جانب سے 81 نوعیت کی خلاف ورزیاں جاری کی ہیں جن پربھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
ضوابط کے مطابق بغیر لائسنس یا ایکسپائرپرمٹ پر سکول ٹرانسپورٹ چلانے  کی صورت میں 5 ہزار ریال جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
معطل لائسنس یا پرمٹ پر گاڑی چلانے پر 4 ہزار ریال کا چالان کیا جائے گا۔ ڈرائیور کے لیے لازمی ہے کہ وہ یومیہ بنیاد پر گاڑی کا معائنہ کرے ایسا نہ کرنے پرایک ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔
گاڑی میں فنی خرابی کی علامت ظاہر ہونے کے باوجود روڈ پر آنے کی صورت میں ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
بس ڈرائیور کےلیے لازمی ہے کہ طلبا کے اترنے یا بس میں سوار ہوتے وقت ’سٹاپ‘ کی علامت کو ظاہر کرے نہ کرنے پر ایک ہزار ریال جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
ڈرائیور کےلیے ضروری ہے کہ وہ مقررہ یونیفارم پہنے ایسا نہ کرنے پر 500 ریال جرمانہ ہو گا جبکہ طلبا کے سکول یا رہائشی عمارت میں داخل ہونے سے قبل ڈرائیور کے وہاں سے نکل جانے کی صورت میں ایک ہزار ریال چالان کیا جائے گا۔

شیئر: