ابوظبی ایکسپو میں سعودی رائل ریزرو کے پویلین کا افتتاح
ریزرو میں کیمپنگ کی سرگرمیاں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اتوار کو ابوظبی میں 21 ویں بین الاقوامی ’شکار اور گھڑ سواری‘ نمائش میں پویلین کا افتتاح کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق 31 اگست سے 8 ستمبر 2024 تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں اتھارٹی کی شرکت کا مقصد ماحولیاتی ٹورازم کا فروغ ، رائل ریزرو کے ورثے اور قدرتی خوبصورتی کو اجاگر کرنا ہے۔
وزیٹرز کو ماحولیاتی توازن کی بحالی، جنگلی حیات اور پودوں کے تحفظ کے علاوہ مقامی کمیونٹی کی سپورٹ اور انہیں با اختیار بنانے میں ریزرو کی کامیابیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
رائل ریزرو میں نمایاں سیاحتی پروگرام بھی متعارف کرائے گئے ہیں، ان میں ناردرن ہنٹنگ ریزرو جو مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا ہے۔
کیمپنگ کی سرگرمیاں اور سٹار گیزنگ جیسے تجربات کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 91500 مربع کلو میٹر پر محیط امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو دوسرا سب سے بڑا رائل ریزرو ہے۔ یہاں جنگلی حیات کی 138 سے زیادہ اور 179 سے زیادہ پودوں کی اقسام ہیں۔