ابوظبی ایکسپو: امام ترکی رائل ریزرو ثقافتی ورثے اور ماحولیاتی سیاحت کو اجاگر کرے گا
امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو دوسرا سب سے بڑا شاہی ریزرو ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی عرب کی امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو ڈیولپمنٹ اتھارٹی ابوظبی میں 21 ویں بین الاقوامی ’شکار اور گھڑ سواری‘ نمائش میں شرکت کرے گی۔
ایس پی اے کے مطابق 31 اگست سے 8 ستمبر 2024 تک جاری رہنے والا یہ ایونٹ اتھارٹی کے لیے ایکو ٹورازم کو فروغ دینے اور مملکت کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کا موقع ہے۔
اتھارٹی ماحولیاتی توازن کی بحالی اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں اپنی کامیابی کا جائزہ لے گی۔ جنگلی حیات اور مقامی پودوں کے تحفظ میں ریزرو کے کردار کو اجاگر کرے گی۔ وزیٹرز روایتی فنون اور دستکاریوں پر توجہ مرکوز کرنے والے انٹرایکٹو ڈسپلے سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اتھارٹی کے پویلین میں اہم سیاحتی پروگرام پیش کیے جائیں گے جیسے ناردرن ہنٹنگ ریزرو جو سعودی عرب میں اپنی نوعیت کا پہلا ہے۔ دیگر سرگرمیوں میں کیمپنگ اور ڈراک سکائی ایریا میں سٹار گیزنگ جیسے منفرد تجربات شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ 91500 مربع کلو میٹر پر محیط امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو دوسرا سب سے بڑا رائل ریزرو ہے۔ یہاں جنگلی حیات کی 138 سے زیادہ اور 179 سے زیادہ پودوں کی اقسام ہیں۔ یہ منفرد ماحولیات، منفرد مناظر اور متعدد ثقافتی ورثے کے مقامات کے لیے مشہور ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں