Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: ورلڈ سنوکر ماسٹرز ٹور میں رونی او سلیوان کی کامیابی

ورلڈ سنوکر ماسٹرز ٹور کے سیمی فائنلز کے لیے چار مقابلے ہوں گے۔ فوٹو گیٹی امیجز
عالمی سنوکر میں اب تک کے سب سے بڑے کھلاڑی اور سات مرتبہ کے ورلڈ سنوکر چیمپئن رونی او سلیوان نے ریاض میں جاری ورلڈ سنوکر ماسٹرز ٹور کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض کے گرین ہالز میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں بدھ کی شام رونی او سلیوان نے چین کے ژانگ اینڈا کے خلاف شاندار مقابلے میں 6-5 سے کامیابی حاصل کی ہے۔
انگلینڈ کے معروف سنوکر ماسٹر رونی او سلیوان جنہیں ’دی راکٹ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے انہوں نے چین کے عالمی نمبر 12 کو مقابلے میں تین فریم میں پیچھے کیا۔
ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل تک پہنچنے کے لیے اس مقابلے میں ژانگ اینڈا نے دو بار مقابلہ 4-3 اور 5-4 تک پہنچا دیا تاہم 6-5 سے حتمی کامیابی دی راکٹ کے حصے میں آئی۔
رونی او سلیوان نے آخری دو فریمز میں 87 اور 78 کے بریک کے ساتھ مقابلے کا اختتام کیا۔
کوارٹر فائنل میں ورلڈ چیمپئن کے ساتھ پہنچنے والوں میں عالمی نمبر ون انگلینڈ کے جود ٹرمپ، سیون سیڈ شان مرفی، تین بار کے عالمی چیمپئن مارک ولیمز اور چھ بار کے بڑے فاتح نیل رابرٹسن بھی شامل ہیں۔

رونی او سلیوان نے چین کے ژانگ اینڈا کے خلاف 6-5 سے کامیابی حاصل کی۔ فوٹو گیٹی امیجز

ریاض میں جاری ورلڈ سنوکر ماسٹرز ٹور مقابلوں میں سیمی فائنل کے تعین کے لیے جمعرات کو چار مقابلے ہوں گے۔
مقامی شائقین جو برسہا برس سے سنوکر کے کھیل کو پسند کرتے ہیں اب آئندہ دہائی کے لیے عالمی سطح کے ایونٹ میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو ریاض کے گرین ہالز میں اپنے سامنے کھیلتا ہوا دیکھیں گے۔

شیئر: