پاکستان نے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیت لی، احسن رمضان نئے ورلڈ چیمپئن
پاکستانی کیوسٹ احسن رمضان سنوکر کے نئے عالمی چیمپئن بن گئے ہیں۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلی گئی ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں احسن رمضان نے عامر سرکوش کو پانچ کے مقابلے میں چھ سیٹ سے شکست دی۔
احسن رمضان سنوکر کے عالمی چیمپئن بننے والے دنیا کے تیسرے کم عمر ترین کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے سیمی فائنل میں ہم وطن اور دفاعی چیمپئن محمد آصف کو شکست دی۔ انہوں نے اپنے حریف کے خلاف چار کے مقابلے میں پانچ سیٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے چوتھی مرتبہ ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیتی ہے، اس سے قبل محمد آصف دو بار اور محمد یوسف ایک بار ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔