قیدیوں کے تبادلے میں مدد پر سعودی ولی عہد کے شکر گزار ہیں: صدر پوتن
جمعرات 5 ستمبر 2024 18:34
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے سرد جنگ کے بعد امریکہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے لیے کیے جانے والے معاہدے میں ان کی مدد کی۔‘
سبق نیوز کے مطابق صدر پوتن نے ولادی ووستوک شہر میں منعقدہ مشرقی اقتصادی فورم میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’سعودی ولی عہد نے اس حوالے سے ابتدائی مراحل میں انتہائی اہم اور فعال کردار ادا کیا، ہم ان کے شکرگزار ہیں کیونکہ انکی اس مدد کے نتیجے میں یکم اگست کوہمارے شہریوں کی واپسی ممکن ہوئی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ قیدیوں کے حوالے سے کی جانے والی کارروائی میں متعدد دیگر ممالک نے بھی شرکت کی تھی۔
اس کے علاوہ صدر پوتن نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے تبادلے کے لیے جگہ کا فراہم کی تھی۔