104 دن مسلسل کام اور صرف ایک چھٹی، چینی شہری ’کام کی زیادتی‘ سے ہلاک
عدالت نے آباؤ کے خاندان کو کل چار لاکھ یوآن ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا (فوٹو: چائنہ مارننگ پوسٹ)
ایک 30 سالہ چینی شخص مبینہ طور پر 104 دن کے سخت کام کے بعد صرف ایک دن آرام ملنے کی وجہ سے اعضا فیل ہونے سے ہلاک ہو گیا۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق آباؤ کے نام سے شناخت کیا گیا یہ شخص ایک پینٹر کے طور پر کام کرتا تھا، جون 2023 میں نیوموکوکل انفیکشن کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ آباؤ نے فروری میں ایک کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ جس میں اس نے گذشتہ سال سے اس سال جنوری تک ایک پروجیکٹ پر کام کیا۔
معاہدے پر دستخط کے بعد آباؤ کو مشرقی چینی صوبے کے شہر زاؤشان میں واقع ایک کام کے منصوبے کے لیے تعینات کیا گیا۔ اس کے بعد اس نے ایک تھکا دینے والا کام کا شیڈول شروع کیا، پچھلے سال فروری سے مئی تک لگاتار 104 دن تک ہر دن کام کیا، 6 اپریل کو صرف ایک دن آرام کیا۔
25 مئی کو اس کی طبیعت ناساز ہوئی اور حالت تیزی سے بگڑتی گئی، اور 28 مئی تک انہیں ان کے ساتھیوں کے ذریعے ہسپتال لے جانا پڑا۔ ڈاکٹروں نے اسے پھیپھڑوں میں انفیکشن اور سانس کی ناکامی کی تشخیص کی۔ ان کا انتقال یکم جون کو ہوا۔
اس کی موت کے بعد اس کے خاندان نے کمپنی کے خلاف ایک مقدمہ دائر کیا، جس میں سنگین غفلت کا الزام لگایا گیا۔
مقدمہ اس وقت درج کروایا گیا جب حکام نے متنازعہ فیصلہ دیا کہ آباؤ کی موت کام کی زیادتی سے نہیں ہوئی۔ تاہم اس کے خاندان نے دلیل دی کہ ضرورت سے زیادہ کام اور آرام کی کمی نے آباؤ کی موت میں براہ راست کردار ادا کیا۔
دریں اثنا کمپنی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آباؤ کا کام کا بوجھ مناسب تھا اور کام کرنے والے اضافی گھنٹے رضاکارانہ تھے۔ کمپنی نے الزام آباؤ کی پہلے سے موجود صحت کی خرابی پر ڈال دیا اور کہا کہ اس کی بروقت طبی امداد حاصل کرنے میں ناکامی نے صورتحال کو مزید خراب کردیا۔
تاہم ایک چینی عدالت نے آباؤ کے اہل خانہ کے حق میں فیصلہ سنایا، جس میں آباؤ کی کمپنی کو اس کی موت کا 20 فیصد ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ عدالت نے پایا کہ آباؤ کی موت ایک سے زیادہ اعضا کی ناکامی سے نیوموکوکل انفیکشن کی وجہ سے ہوئی، جو اکثر کمزور مدافعتی نظام سے منسلک ہوتا ہے۔
عدالت نے یہ بھی طے کیا کہ آباؤ کا مسلسل 104 دنوں تک کام کرنے کا دورانیہ چینی لیبر قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، جس میں واضح طور پر زیادہ سے زیادہ 8 کام کے گھنٹے فی دن اور اوسطاً 44 گھنٹے فی ہفتہ مقرر کیا گیا ہے۔
عدالت نے آباؤ کے خاندان کو کل چار لاکھ یوآن ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا، اگرچہ کمپنی نے اپیل کی لیکن اصل فیصلہ اگست میں برقرار رکھا گیا۔