سعودی فضائی کمپنی ریاض ایئر کی آزمائشی پروازوں کا آغاز
جمعرات 12 ستمبر 2024 0:00
آزمائشی پروازیں لائسنس حاصل کرنے کی شرائط کا حصہ ہیں۔ (فوٹو: اخبار24)
سعودی عرب کی فضائی کمپنی ’ریاض ایئر جمعرات 12 ستمبر کو اپنی پہلی آزمائشی پرواز کا آغاز کرے گی۔
آزمائشی پروازیں سول ایوی ایشن کا لائسنس حاصل کرنے کی شرائط کا حصہ ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق فضائی کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ریاض کےکنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تجرباتی پرواز کا آغاز کیا جائے گا جو بغیرمسافروں کے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جائے گی۔
ریاض ایئرکی انتظامیہ کا کہنا ہے’ فضائی سروس کا باقاعدہ آغاز آئندہ برس 2025 سے کیا جائے گا۔ 2030 تک 100 سے زیادہ مقامات پر سروس فراہم کرنے کا منصوبہ ہے‘۔
فضائی کمپنی کے بیڑے میں اس وقت بوئنگ ڈیم لائنر 787 کے طیارے شامل ہیں۔
سعودی عرب کی جانب سے ریاض ایئر کو اپنے دوسرے فلیگ شپ کیریئر کے طور پر متعارف کرانا وژن 2030 کے مقاصد کے مطابق مملکت کی تیزی سے عالمی سیاحتی مقام میں تبدیلی کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔
قومی سیاحت کی حکمت عملی کے تحت مملکت کا مقصد جی ڈی پی میں سیاحت کے شعبے کی شراکت کو 10 فیصد سے زیادہ کرنا ہے۔