Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور آئی ایم ایف کے معاملات طے، 25 ستمبر کو قرض پروگرام کی منظوری کا امکان

وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ڈائریکٹر کمیونکیشن جولیا کوزک نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس 25 ستمبر کو ہوگا۔
واشنگٹن میں پریس بریفننگ  دیتے ہوئے جولیا کوزک نے کہا کہ 25 ستمبر کو آئی ایم ایف کے بورڈ میٹنگ میں پاکستان کے قرض پروگرام کی منظوری دی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے  جمعرات کی رات اسلام آباد سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’الحمدللہ  پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں۔‘
پریس بریفنگ میں جولیا کوزک کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ جولائی میں ہوگیا تھا۔
’ہم خوش ہیں کہ ہم کہہ سکتے ہیں کہ بورڈ کا اجلاس 25 ستمبر کو ہوگا۔‘
جولیا کوزک کا کہنا تھا کہ بورڈ میٹنگ پاکستان کی جانب سے اپنے شراکت داروں سے یقین دہائی حاصل کرنے کے بعد ہو رہی ہے۔ ’نئی ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسیلٹی کا پروگرم 2023 کے نو مہینے کے ’سٹینڈ بائی ارینجمنٹ‘ کی کامیاب تکمیل کے بعد ہو رہا ہے۔‘
’تسلسل کے ساتھ پالیسی سازی نے پاکستان میں معاشی استحکام کو سپورٹ کیا ہے جس کے ساتھ معاشی شرح نمو میں تیزی،  مہنگائی میں کمی اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔ ‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان نے ایکسٹرنل فنانسنگ کے حوالے سے یقین دہانیاں حاصل کی ہے تو ان کا جواب تھا، ’جی ہاں‘
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ٹیم، آئی ایم ایف کی مذاکراتی ٹیم اور متعلقہ اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے حتمی مراحل میں کلیدی کردار ادا کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ رواں ماہ آئی ایم اہف کے بورڈ کے اجلاس میں ان معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے۔
پالیسی ریٹ میں کمی سے ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ معاشی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔‘

شیئر: