اتحاد ایئرویز نے اگست میں1.7 ملین مسافروں کا خیرمقدم کیا
اگست 2024 تک مسافروں کی تعداد 17 ملین سے تجاوز کرگئی (فائل فوٹو)
متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز نے منگل کو کہا ہے کہ اگست میں1.7 ملین مسافروں کا خیرمقدم کیا ہے۔
وام کے مطابق ایئرلائن کے بیان میں کہا گیا’اگست 2024 کے ٹریفک کے اعداد و شمار کے مطابق اگست میں اوسطا 89 فیصد پیسنجر لوڈ فیکٹر حاصل کیا جو موسم گرما کی چھٹیوں کے دوران انتہائی مضبوط کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے‘۔
اب تک ایئر لائن نے 12 ملین مسافروں کو خوش آمدید کہا جو گزشتہ برس کے مقاملے میں 36 فیصد زیادہ ہے۔
اگست 2024 تک مسافروں کی تعداد 17 ملین سے تجاوز کرگئی، یہ تعداد پورے سال 2022 کے مقابلے میں تقریبا 70 فیصد زیادہ ہے۔
اتحاد ایئرویز کے سی ای او انتونو الڈو نیوس نے کہا ’اگست میں مسافروں کی تعداد میں پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہوا جو مسلسل ترقی کو ظاہر کرتا ہے‘۔
’اگست 2024 کےلیے 89 فیصد کے پیسنجر لوڈ فیکٹر کو برقرار رکھا اور 2023 کے مقابلے میں اپنی گنجائش میں اضافہ کیا‘۔
انہوں نے مزید کہا ’اتحاد ایئرویز کے آپریٹنگ بیڑے میں 95 طیارے شامل ہیں، جو پچھلے سال کی اسی مدت کے دوران 79 تھے‘۔
انہوں نے بتایا’ 2024 میں متوقع چھ اے 321 نیو طیاروں میں سے آخری دو کو آپریشن میں لائے۔ ایئرلائن اب مزید دس سے زیادہ مقامات کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔ اس سے نیٹ ورک میں اضافہ ہوگا‘۔