Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2025 تک اتحاد ایئر کا ہدف 18 ملین مسافروں کا ہے: سی ای او

اتحاد ایئر کی اسلام آباد کے لیے ہفتے میں 14 پروازیں ہیں۔ (فوٹو الامارات الیوم)
اتحاد ایئر کے سی ای او انتونولڈو نیویس نے توقع ظاہر کی ہے کہ 2025 تک اتحاد ایئر 18 ملین افراد کو سفر کی سہولت فراہم کرنے کا ہدف حاصل کر لے گی۔ 
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق اتحاد کے سی ای او کا کہنا ہے کہ 2024 کے دوران پروازوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ 
انتونولڈو نیویس نے توجہ دلائی کہ کورونا وبا سے قبل 2019 میں اتحاد ایئر سے سفر کرنے والوں کی سالانہ تعداد 17 ملین تک پہنچ گئی تھی۔
ایئرلائن کے سی ای او نے بتایا کہ سال رواں کے دوران بوسٹن سمیت متعدد نئے  ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی۔ بوسٹن، امریکہ میں اتحاد ایئر کا چوتھا ہوائی اڈہ ہوگا اس کے لیے ہفتے میں چار پروازیں چلائی جائیں گی۔ اس کا آغاز 31 مارچ سے ہوگا
انتونولڈو نیویس نے کہا کہ یکم مئی سے کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے لیے بھی پروازوں کا آغاز کیا جائے  گا۔ 
ایئرلائن کے سی ای او نے بتایا کہ اتحاد ایئر نے یکم جنوری 2024 سے کیرالہ کے 2 ہوائی اڈوں  کے لیے پروازیں شروع کی ہیں اس طرح انڈیا میں اتحاد ایئر 10 ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔ 
انتونولڈو نیویس نے مزید کہا کہ قاہرہ کے لیے ہفتے میں پروازوں کی تعداد 21 کی جارہی ہے۔  اسی طرح کولمبو کے لیے  7، اسلام آباد کے لیے 14 اور مالدیپ کے لیے پروازوں کی تعداد 14 تک کی جارہی ہے۔ 
انتونولڈو نیویس کا کہنا تھا کہ اتحاد ایئر 2017 کے مقابلے میں اس وقت زیادہ  بہتر مالی پوزیشن میں ہے۔ 2022 کے مقابلے میں گزشتہ سال مسافروں کی تعداد میں  30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: