مکہ ریجن سمیت کئی علاقے بدھ سے اتوار تک بارش کی زد میں رہیں گے
شہری دفاع نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے مملکت کے کئی علاقوں میں بدھ سے آئندہ اتوار تک بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ’محفوظ مقامات پر رہیں۔ سیلابی مراکز، وادیوں اور نشیبی مقامات کی طرف جانے سے گریز کریں‘۔
’ بارش کے دوران میڈیا اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے ذریعے دی جانے والی ہدایات پر عمل کیا جائے‘۔
محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے’ مکہ مکرمہ ریجن، درمیانے درجے سے موسلادھار بارش سے متاثر ہوگا۔ گرد آلو تیز ہوائیں چلنے اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے‘۔
مکہ مکرمہ،طائف، الجموم، میسان، اضم، العرضیات، الکامل اور دیگر علاقے زد میں رہیں گے۔
شہری دفاع کا کہنا ہے’ الباحہ، عسیر اور جازان ریجن بھی درمیانے درجے سے موسلا دھار بارش جبکہ نجران اور مدینہ منورہ ریجن میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔