انڈیا کے شہر بنگلورو میں گھر کے فریج سے خاتون کی لاش کے ٹکڑے برآمد
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک دروازے والی فریج میں نعش کے ٹکڑے چھپائے گئے تھے (فائل فوٹو: بینگلورو نیوز)
انڈیا کی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں اپارٹمنٹ سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ لاش 26 سالہ خاتون کی ہے جس کے 30 کے قریب ٹکڑے کر کے فریج میں رکھا گیا تھا۔
لاش کی وجہ سے پیدا ہونے والی بُو جب عمارت میں پھیلی تو محلے داروں کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس کے ایڈیشنل کمشنر ستیش کمار کا کہنا ہے کہ ’ایسا معلوم ہوتا ہے کہ لاش ایک طویل عرصے سے فریج میں چھپا کر رکھی گئی تھی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’لاش کی شناخت کر لی گئی ہے، ہم ابتدائی تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات فراہم کریں گے، خاتون کا تعلق کسی اور ریاست سے ہے وہ یہاں بنگلورو میں عارضی طور پر قیام پذیر تھیں۔‘
پولیس نے مزید بتایا کہ ’انگلیوں کے نشانات حاصل کرنے والی ٹیم اور سونگھنے والے تربیت یافتہ کتوں کے سکواڈ کو کرائم سین پر طلب کر لیا گیا تھا جبکہ فارینزک ٹیم کی جانب سے بھی شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’یہ واقعہ آج یا کل کا نہیں ہے بلکہ خاتون کی لاش کی حالت دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ چند دن پہلے کی ہے۔‘
یہ کیس بظاہر 2022 میں دہلی میں قتل ہونے والی 27 سالہ شردھا والکر کے قتل جیسا معلوم ہوتا ہے۔
دہلی میں شردھا والکر کو 2022 میں ان کے دوست آفتاب امین پونے والا نے قتل کرنے کے بعد ان کی لاش کے 35 ٹکڑے کر کے اپنے فلیٹ کے قریب جنگل میں پھینک دیے تھے۔