جدہ : یوم الوطنی پر تاریخی دوڑ ’ گرین سپرٹ رن‘ میں 2000 افراد کی شرکت
جدہ : یوم الوطنی پر تاریخی دوڑ ’ گرین سپرٹ رن‘ میں 2000 افراد کی شرکت
ہفتہ 21 ستمبر 2024 20:23
ان ایونٹ کا انعقاد قوم کے اتحاد، مضبوطی اور مشترکہ جذبے کا اظہار ہے۔ فوٹو عرب نیوز
مملکت کے 94 ویں یوم الوطنی کے سلسلے میں گذشتہ روز جمعہ کو جدہ کے تاریخی علاقے البلد کے مرکز میں باب مکہ سے شروع ہونے والی تاریخی دوڑ’گرین سپرٹ رن‘ میں تقریباً 2000 افراد نے حصہ لیا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی قومی دن کے موقع پر وزارت کھیل، سپورٹس فار آل فیڈریشن کے تعاون سے مسافات کلب کے زیراہتمام پانچ اور 2 کلومیٹر کی دوڑ کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر جدہ کے مسافات کلب کے صدر خالد یمانی نے کہا ’ان ریسوں کا انعقاد ہماری قوم کے اتحاد، مضبوطی اور مشترکہ جذبے کا جشن منانا ہے۔
خالد یمانی نے کہا یہ عظیم محب وطن کمیونٹی ایونٹ ہے اور تمام قومیت کے خاندانوں کے ہر عمر کے افراد کے لیے کھلا ہے۔ یہ ایونٹ ہمارا جذبہ، جوش اور حب الوطنی ظاہر کرنے کا بہترین موقع ہے۔
’گرین سپرٹ رن‘ کا اصل مقصد جدہ کے مقیمین کو ایک جگہ اکٹھا کرنا اور مرد، خواتین اور بچوں کی اس منفرد دوڑ کے ذریعے مل کر قومی دن منانا ہے۔
سالانہ شاندار ایونٹ میں ثقافتی روایات کی نمائش اور خاندانی تفریح کے ساتھ تقریباً 2000 افراد کی شرکت ہمارے ہدف اور سوچ سے بڑھ کر تھی۔
البلد کے باب مکہ جدید حج کے تاریخی راستے سے شروع ہو کر باب البنت، بیت نصیف، الفلاح سکول اور دیگر تاریخی اور قدیم شہر کے معروف مقامات سے ہوتی ہوئیں دونوں قسم کی دوڑیں اختتام پذیر ہوئیں۔
پانچ کلومیٹر کی دوڑ میں اپنے بیٹے عادل کے ساتھ شریک عبدالمحسن النجار نے بتایا’ وہ 20 سال سے باقاعدہ واک کرتے ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے جب وہ کسی تفریحی دوڑ میں شراکت کر رہے ہیں۔
عبدالمحسن نے کہا ’ تمام قومیت کے شہریوں کے ہمراہ اس دوڑ میں اپنے بیٹے سمیت شامل ہو کر قومی دن منانا واقعی خوشگوار یاد ہے۔
بیٹے کو اپنے ساتھ لانے کا مقصد یہ ہے کہ وہ اپنے قومی دن کے بارے میں اس ایونٹ پر فخر کے ساتھ دوڑ میں حصہ لے اور لطف اندوز ہو سکے۔
دوڑ میں شامل 70 سالہ حسن التویرقی نے کہا ’میں کئی برس سے واکنگ اور جاگنگ کرتا ہوں اور ہر سال دوڑ میں شرکت کرنا میرا پسندیدہ مشغلہ ہے جس سے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
پیدل چلنا اور صحت مند ایونٹ میں حصہ لینا میری طرز زندگی کا حصہ ہے اور آج اپنے قومی دن کے موقع پر مجھے اس دوڑ کا حصہ بننے پر بہت فخر ہے۔
جدہ کی پرائیویٹ کمپنی میں خدمات انجام دینے والے فلپائنی خاتون لوئس تنجانی نے بتایا ’مملکت کے قومی دن کے موقع پر میں نے کبھی بھی دوڑ میں شرکت کا موقع ضائع نہیں کیا۔
میں اس خاص دن پر اپنا فرض سمجھتی ہوں کہ ہم اپنے مقامی ساتھیوں کے ہمراہ یہ خوشیاں منائیں اور دوڑ میں شامل ہونا اس ملک سے محبت کا اظہار کرنے کا ایک طریقہ ہے۔
5 کلومیٹر کی دوڑ کے فاتح عبداللہ الحسولی رہے جنہوں نے یہ فاصلہ 14:59منٹ میں طے کیا جب کہ محمد نبیل نے دو کلومیٹر کے مقابلے میں 9:58 منٹ سے کامیابی حاصل کی۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں