سوات: سفارتکاروں کے قافلے میں شامل پولیس وین کے قریب دھماکہ، ایک اہلکار ہلاک
اتوار 22 ستمبر 2024 16:55
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے (فوٹو: کے پی پولیس)
سوات میں مالم جبہ روڈ پر سفارت کاروں کے قافلے کے ساتھ پولیس وین کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا، جبکہ تین اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملے میں چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے جس میں ایک پولیس اہلکار برہان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان سے گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے سے پولیس وین کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
جائے وقوعہ پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے تاہم پولیس موبائل کے پیچھے سفارت کاروں کی گاڑیاں آرہی تھیں اور بظاہر ان کی گاڑیاں ٹارگٹ تھیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ آج مالم جبہ اور سوات کے دورے کے بعد اسلام آباد جانے والے تمام سفارت کار بحفاظت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
بیان کے مطابق یہ ایک آئی ای ڈی دھماکہ تھا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سوات کے تھانہ مالم جبہ کی حدود میں پولیس وین کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اہلکار برہان خان کے خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کے اعلی حکام سے رپورٹ طلب کی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔