Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ سے ایران، ازبکستان اور چاڈ کے ہم منصب کی ملاقات

دوطرفہ تعلقات اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایران کے ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات کی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں بڑھانے کے طریقوں اورغزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان ہم آہنگی اور مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی بات چیت کی۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف اور چاڈ کے ہم منصب عبدالرحمن غلام اللہ نے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، کئی شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے کے طریقوں علاوہ دوطرفہ اور کثیر الجہتی رابطے تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اقوام متحدہ میں مملکت کے مستقل نمائندے ڈاکٹرعبدالعزیز الواصل، وزیرخارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود اور مشیر برائے امور خارجہ محمد الیحیی بھی موجود تھے۔

شیئر: