Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی ولی عہد کا وژن خواتین اور نوجوانوں کو با اختیار بناتا ہے‘

ولی عہد کا وژن سعودی عوام کے لیے تحریک کا باعث ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواحہ نے اتوار کو نیویارک میں اقوام متحدہ فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے خواتین اور نوجوانوں کی سپورٹ اور انہیں بااختیار بنانا مملکت کی بڑی کامیابی کی کہانیوں میں سے ایک ہے‘۔
ایس پی اے کے مطابق انہوں نے کہا’ ولی عہد کا وژن سعودی عوام کے لیے تحریک کا باعث ہے۔ خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کو بروئے کار لاتے ہوئے معیشت کو متنوع بنانے کے لیے گلوبل مومنٹم پیدا کرتا ہے‘۔
’ہوپ آف ڈیجیٹل‘ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا’ سعودی عرب کے ٹیک سیکٹر میں خواتین کی سب سے زیادہ شرح ریکارڈ کی گئی ہے جو صرف چھ برسوں میں 35 فیصد تک پہنچ گئی، یورپی یونین اور جی 20 کو پیچھے چھوڑ دیا‘۔
انہوں نے ٹیکنالوجی میں خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی شمولیت کی متاثر کن کہانیوں کو اجاگر کیا جس میں پروگرامنگ میں خواتین اور نوجوانوں کی  سب سے بڑی شرکت شامل ہے جس کی سربراہی مسک فاونڈیشن کررہی ہے۔
اس اقدام کے نتیجے میں ’سعودی کوڈز‘ پروگرام کے ذریعے دس لاکھ خواتین اور نوجوانوں کو تربیت دی گئی اور پہلی مسلم عرب خاتون خلا باز ریانہ برناوی کو عالمی خلائی سٹیشن بھیجا گیا۔
انہوں نے کہا’ان کامیابیوں نے سعودی عرب کو کئی گلوبل انڈیکس میں نمایاں مقام حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جیسےیواین، ای گورنمنٹ ڈیولپمنٹ انڈیکس 2024  جس میں مملکت دنیا میں چوتھے اور ڈیجیٹل سروسز انڈیکس میں جی 20 ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے۔

شیئر: