شارجہ میں ماحول دوست الیکٹرک بس سروس کا پہلا مرحلہ
پہلے مرحلے میں 10 الیکٹرک بسیں چلائی جارہی ہیں (فوٹو: وام)
شارجہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اپنی ماحول دوست الیکٹرک بس سروس کا پہلا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وام کےمطابق ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے بتایا’ پہلے مرحلے میں 10 الیکٹرک بسیں امارت دبئی، امارت عجمان اور الحمریہ شہر کے درمیان چلائی جارہی ہیں‘۔
’ان مقامات کا انتخاب انٹرسٹی ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے متعلقہ اداروں کی جانب سے جائزوں اور مسافروں کی تعداد اور ڈیمانڈ کی بنیاد پر کیا گیا‘۔
یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے 2050 تک نیٹ زیرو سٹریٹجک انیشییٹو اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے گرین ٹرانسپورٹیشن اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔
پہلے مرحلے میں چلائی جانے والی نئی بسیں کنگ لانگ ماڈل کی ہیں۔ یہ بسیں 9 میٹر لمبی ہیں اور ان میں 41 مسافروں کی گنجائش ہے۔
ایئرکنڈیشنڈ بسوں میں امارات کے موسمی حالات کے مطابق بیٹری کولنگ سسٹم موجود ہے۔
یاد رہے اتھارٹی نے بسوں کا انتخاب مختلف ماڈل کے ٹیسٹ اور امارات کے موسمی حالات کے مطابق کیا ہے۔
آئندہ مرحلے میں شارجہ میں چلنے والی ماحول دوست الیکڑک بسوں کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔