ڈیلیوری سروس میں جدت، جاھز کمپنی کی ماحول دوست گاڑیاں
ڈیلیوری سروس میں جدت، جاھز کمپنی کی ماحول دوست گاڑیاں
جمعہ 6 ستمبر 2024 5:20
مستقبل میں مملکت میں گاڑیاں کی تیارکرنے کا منصوبہ ہے (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
اشیاء کی ترسیل کے شعبے سے تعلق رکھنے والی ’جاھز‘ کمپنی نے بجلی سے چلنے والی ماحول دوست گاڑیاں’عبیہ‘ مقامی مارکیٹ میں لانچ کر دی ہیں۔
ڈیلیوری کمپنی ’جاھز‘ کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین حمد البکر نے کہا ہے کہ سامان کی ترسیل کے شعبے میں جدت پیدا کرتے ہوئے چھوٹی الیکٹریکل گاڑیاں متعارف کرائی جارہی ہیں۔ ابتدائی طورپر 30 گاڑیاں مارکیٹ میں لانچ کی جائیں گی۔
الاقتصادیہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے البکر نے مزید کہا ہے کہ بجلی سے چلنے والی ڈیلیوری وین تیونس میں تیار کی گئی ہیں۔ ہمارا منصوبہ ہے کہ مستقبل میں اس کی فیکٹری مملکت میں قائم کی جائے۔
ڈیلیوری وین کا نام ’عبیہ ‘ ہے جو شاہ عبدالعزیز کے گھوڑے کا نام تھا۔ مجوزہ الیکٹریکل گاڑی کی یہ خصوصیت بھی ہے کہ اس میں سولر چارجنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے جس سے ماحول کو آلودہ ہونے سے بھی محفوظ رکھا جا سکے گا۔
چیئرمین جاھز کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ سال 2026 تک 25 فیصد گاڑیاں کمپنی کو موصول ہوجائیں گی جس کے بعد اس شعبے میں غیرمعمولی تبدیلی آئے گی۔
گاڑی کی تیاری کے حوالے سے سوال پرالبکر نے بتایا کہ ایک گاڑی کی تیاری پر 50 ہزار ریال کے اخراجات آتے ہیں جو کہ انتہائی مناسب رقم ہے۔
البکر نے مزید کہا کہ کمپنی کا منصوبہ ہے کہ مستقبل میں ڈیلیوری سروس کے لیے دیگر ذرائع بھی رائج کیے جائیں جن میں ڈرونز اور خود کار گاڑیاں شامل ہیں جو موٹرسائیکلوں کا بہتر نعم البدل ہوگا۔ امکان ہے کہ سال 2028 تک اس منصوبے پر 20 فیصد عمل درآمد کر لیا جائے۔
واضح رہے بجلی سے چلنے والی مذکورہ گاڑی ایک بار مکمل چارج ہونے کے بعد 200 کلو میٹر تک آرام سے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔