اماراتی صدر اور کملا ہیرس کی ملاقات، سٹریٹجک شراکت داری پر تبادلہ خیال
اماراتی صدر اور کملا ہیرس کی ملاقات، سٹریٹجک شراکت داری پر تبادلہ خیال
منگل 24 ستمبر 2024 18:37
دونوں رہنماوں نے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے منگل کو وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں امارات اور امریکہ کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وام کے مطابق مذاکرات میں حالیہ برسوں میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ معیشت، تجارت و سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، توانائی، موسمیاتی اقدامات اور دیگر شعبوں میں مزید تعاون کے مواقع پر بھی بات چیت کی گئی۔
اماراتی صدر اور کملا ہیرس نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
شیخ محمد بن زاید اس یقین کا اظہار کیا کہ علاقائی استحکام سب کے بہترین مفاد میں ہے۔ خطے کے عوام کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے دو ریاستی حل پر مبنی ایک جامع، منصفانہ اور دیرپا امن کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے حالیہ برسوں میں امارات اور امریکہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور توانائی کی سلامتی، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی جیسے عالمی مسائل سے نمٹنے میں تعاون بڑھانے کے لیے کملا ہیرس کے کردار کی تعریف کی۔
دونوں رہنماوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ امارات اور امریکہ کے تعلقات دونوں ممالک کی مشترکہ اقدار اور عزائم کے مطابق دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کے باعث فروغ پا رہے ہیں۔
علاوہ ازیں شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن اور قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک تعلقات اور انہیں مختلف سطحوں پر مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کام پر تبادلہ خیال کیا۔
مشترکہ دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور کا جائزہ لیا۔