Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینی ریاست کے بغیر غزہ جنگ کے بعد کسی منصوبے کی حمایت نہیں کریں گے: امارات

حماس کے سات اکتوبر کے حملے کے بعد اسرائیل نے غزہ میں فضائی حملے شروع کیے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیر خارجہ عبداللہ بن زید النہیان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات فلسطینی ریاست  کے قیام کے بغیر غزہ میں جنگ کے بعد کسی منصوبے کی حمایت کے لیے تیار نہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ایکس پر ایک بیان میں وزیر خارجہ عبداللہ بن زید النہیان نے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر غزہ میں جنگ کے اگلے ایک دن کی حمایت کے لیے بھی تیار نہیں ہے۔‘
ایک اماراتی سفارتی مشیر اور سابق وزیر مملکت انور قرقاش نے کہا ہے کہ شیخ عبداللہ کے بیان نے واضح کر دیا ہے کہ متحدہ عرب امارات فلسطین اور اسرائیل کے لیے دو ریاستی حل کے علاوہ کسی بھی چیز کو مسترد کرتا ہے۔
انور قرقاش نے ایکس پر لکھا کہ ’عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید کا یہ بیان کہ متحدہ عرب امارات فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر غزہ میں جنگ کے اگلے ایک دن کی حمایت کے لیے تیار نہیں ہے، فلسطینی بھائیوں کی حمایت کے لیے ہمارے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے اور ہمارے اس یقین کی عکاسی کرتا ہے کہ دو ریاستی حل کے علاوہ خطے میں استحکام نہیں آ سکتا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات فلسطینی عوام اور ان کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔  
اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے جنگ کے خاتمے کے بعد غزہ میں نئی ​​حکومت کی بنیاد رکھنے کے لیے ایک عارضی بین الاقوامی مشن کا مطالبہ کیا تھا۔
ایک بیان میں متحدہ عرب امارات کی وزیر مملكت برائے بین الاقوامی تعاون ریم بنت إبراهيم الهاشمي نے دو ریاستی حل کے حصول کے لیے بین الاقوامی کوششوں اور اس مشن کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت کا اعادہ کیا جو غزہ میں جنگ کے بعد امن و امان کے قیام اور انسانی ہمدردی کے بحران میں مدد کرے گا۔

شیئر: